وزیراعلی خیبر پختونخوا سے عالمی ادارہ صحت کے وفد کی ملاقات، تعاون اور اشتراک کو بڑھانے پر اتفاق

پیر 22 اپریل 2024 16:58

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2024ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردارعلی امین خان گنڈاپور سے عالمی ادارہ صحت کے وفد نے ملاقات کی۔وفد کی قیادت ادارے کے کنٹری ہیڈ ڈاکٹر لو دیپنگ کی ۔اس موقع پر صوبائی وزیر صحت قاسم علی شاہ اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔ملاقات میں صوبے میں عالمی ادارہ صحت کے اشتراک سے چلنے والے پروگرامزسے متعلق امور پرگفتگو کے دوران صوبائی حکومت اور عالمی ادارہ صحت کے درمیان تعاون اور اشتراک کو بڑھانے پر اتفاق کیاگیا۔

وزیراعلی خیبرپختونخوا سردارعلی آمین خان گنڈاپور نےکہاکہ حکومت عالمی ادارہ صحت کے اشتراک کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے،صحت عامہ خصوصاً پولیو وائرس کے خاتمے کے لیے عالمی ادارہ صحت کا کردار قابل ستائش ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ حکومت انسداد پولیو پروگرام کو کامیاب بنانے کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی ۔انہوں نے کہاکہ حکومت بنیادی صحت کی دیکھ بھال کے شعبے کو مضبوط بنانے پر کام کررہی ہے،لوگوں کو مختلف بیماریوں سے بچانے کے لئے آگاہی پروگرام شروع کیا جارہا ہے۔

وزیراعلی نے کہا کہ رواں سیزن میں ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے ایکشن پلان تیار کیا گیا ہے، حکومت ان شعبوں میں ڈونر اداروں کے اشتراک اور تعاون کا خیر مقدم کرے گی۔انہوں نے کہاکہ ضلع چارسدہ میں عالمی ادارہ صحت کا یونیورسل ہیلتھ کوریج پروگرام قابل تحسین ہے اس پروگرام کو دوسرے اضلاع تک توسیع دینےکی ضرورت ہے۔ اس موقع پر عالمی ادارہ برائےصحت کے کنٹری ہیڈ ڈاکٹر لودیپنگ نے کہاکہ عالمی ادارہ صحت صوبائی حکومت کے اشتراک سے صحت عامہ کے مختلف شعبوں پر کام کررہا ہے، صوبائی حکومت کا صحت عامہ کے پروگراموں پر عملدرآمد کے سلسلے میں کردار قابل ستائش ہے۔

انہوں نےکہاکہ ڈبلیو ایچ او انسداد پولیو پروگرام کے حوالے سے حکومت کے کردار کا معترف ہے، ڈبلیو ایچ او صحت کے شعبے میں صوبائی حکومت کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔