کرہ ارض کو درپیش اہم ماحولیاتی چیلنجوں سے نمٹنے کی ضرورت ہے، چیئرمین سینیٹ کا عالمی یوم ارض کے موقع پر پیغام

پیر 22 اپریل 2024 17:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2024ء) چیئرمین سینیٹ سیّد یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ کرہ ارض کو درپیش اہم ماحولیاتی چیلنجوں سے نمٹنے کی ضرورت ہے، ہمارے ماحولیاتی نظام کو پلاسٹک کے نقصان دہ اثرات کا سامنا ہے، پلاسٹک کے پھیلاؤ کی وجہ سے ایک غیرمعمولی بحران کا سامنا کر رہے ہیں، ہمیں اس بحران سے نمٹنے کے لیے فیصلہ کن اقدامات کرنے کی ضرورت ہے، آئیے ہم کرۂ ارض کی حفاظت اور اس کے قیمتی وسائل کی حفاظت کے لیے اپنے عزم کو دہرائیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی یوم ارض کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ہم یوم ارض منا رہے ہیں، ہمیں اپنے کرۂ ارض کو درپیش اہم ماحولیاتی چیلنجوں پر غور کرنے کی ضرورت ہے، خاص طور پر ہمارے ماحولیاتی نظام کو پلاسٹک کے نقصان دہ اثرات کا سامنا ہے جن کا تدارک وقت کی اہم ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پلاسٹک آلودگی کا خطرہ ایک اہم مسئلہ ہے جو فوری توجہ کا متقاضی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس وقت پلاسٹک کے پھیلاؤ کی وجہ سے ایک غیر معمولی بحران کا سامنا کر رہے ہیں، جو ماحولیاتی نظام کو تباہ کر نے کے ساتھ ساتھ جنگلی حیات کو بھی نقصان پہنچا رہے ہیں اور جس سے انسانی صحت کو شدید خطرات لاحق ہیں،ہمیں اس بحران سے نمٹنے کے لیے فیصلہ کن اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

عوام کی کوششوں کے بغیر حکومت اپنی پالیسیوں اور ضوابط کو نافذ نہیں کر سکتی۔ کسی بھی پالیسی کو کامیاب بنانے کیلئے کمیونٹی کی شمولیت ناگزیر ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ یوم ارض کے موقع پر پلاسٹک کی کھپت کو کم کرنے، ری سائیکلنگ کو فروغ دینے اور ایک بار استعمال ہونے والے پلاسٹک کے متبادل ذرائع پیدا کرنے کیلئے قانون سازی اور پالیسیوں کی ضرورت ہے۔ اپنی اجتماعی کوششوں سے ہم موجودہ اور آنے والی نسلوں کے لیے ایک صاف ستھری اور صحت مند فضا قائم کرنے کی جانب اہم پیش رفت کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئیے ہم کرۂ ارض کی حفاظت اور اس کے قیمتی وسائل کی حفاظت کے لیے اپنے عزم کو دہرائیں، ایک ساتھ مل کر ہم مشکل سے مشکل چیلنج کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔