حکومت پنجاب نے بڑے شہروں میں جامع اربن ٹرانسپورٹیشن پلان ترتیب دینے کیلئے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دیدی

پیر 22 اپریل 2024 19:22

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2024ء) حکومت پنجاب نے صوبہ کے بڑے شہروں میں جامع اربن ٹرانسپورٹیشن پلان ترتیب دینے کیلئے 18رکنی اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔پنجاب کے وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ ڈیپارٹمنٹ کو کمیٹی کا کنونیئر نامزد کیا گیا ہے جبکہ ایڈیشنل سیکرٹری (پلاننگ)ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ ڈیپارٹمنٹ سیکرٹری ہونگے۔

یہ کمیٹی متعلقہ محکموں ، اداروں کی مشاورت سے فیصل آباد سمیت صوبہ کے دیگر بڑے شہروں میں ٹرانسپورٹیشن کے حوالے سے ضروری تقاضوں، دستیاب انتظامی ڈھانچے، درکار وسائل کی نشاندہی کرکے جامع پلان مرتب کریگی تاکہ حکومت پنجاب اربن ٹرانسپورٹ کے شعبہ میں اپنی ترجیحات کا تعین کرسکے۔ کمیٹی کے دیگر ممبرز میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ ڈیپارٹمنٹ پنجاب، سیکرٹری کیمونیکشن اینڈ ورکس، سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، چیف ایگزیکٹو آفیسر اربن یونٹ لاہور،چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ، متعلقہ شہروں کی ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کے ڈائریکٹر جنرل، متعلقہ ضلع کے ڈپٹی کمشنر، ایڈیشنل سیکرٹری (پلاننگ)ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ،مینجنگ ڈائریکٹر ماس ٹرانزٹ اتھارٹی لاہور، سیکرٹری پنجاب پروونشیل ٹرانسپورٹ اتھارٹی لاہور، متعلقہ ایڈمنسٹریٹر اربن لوکل گورنمنٹ، متعلقہ چیف آفیسر اربن لوکل گورنمنٹ، متعلقہ ضلع کے سیکرٹری آرٹی اے، دو تکنیکی ماہرین، ٹرانسپورٹ سپیشلسٹس اور کنونیئر کی طرف سے نامزد کردہ دیگر ممبر شامل ہیں۔

(جاری ہے)

یہ کمیٹی بڑے شہروں کے دورہ کے دوران ضلعی انتظامیہ و دیگر اداروں کے حکام کے ساتھ مٹینگز کرکے جامع پلان تیار اور حکومت پنجاب کے اعلیٰ حکام کو پیش کرے گی ، ٹور پروگرام کے مطابق یہ کمیٹی (کل) 23اپریل کو فیصل آباد،24اپریل کو ملتان، بہاول پور اور 25اپریل کو راولپنڈی کا دور ہ کریگی۔