عورتیں مالی طور پر مستحکم ہوچکیں مردوں کے ظلم برداشت کرنے کی ضرورت نہیں رہی، صنم سعید

پیر 22 اپریل 2024 20:15

عورتیں مالی طور پر مستحکم ہوچکیں مردوں کے ظلم برداشت کرنے کی ضرورت ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2024ء) اداکارہ صنم سعید نے کہا ہے کہ عورتیں اب مالی طور پر مستحکم ہو گئی ہیں، مردوں کے ظلم برداشت کرنے کی ضرورت نہیں رہی۔ایک پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ صنم سعید نے کہا کہ اگر ایک خاتون کی ذہنی صحت اچھی ہو گی تو وہ اپنے ارد گرد کے لوگوں کا بھی اچھی طرح خیال رکھ سکے گی۔انہوں نے کہاکہ ماضی میں ایک وقت تھا جب خواتین کی کم عمری میں شادی کر دی جاتی تھی، ان کی تعلیم کو اہمیت نہیں دی جاتی تھی جس کی وجہ سے انہیں اپنے شوہروں کا ظلم برداشت کرنا پڑتا تھا کیونکہ اگر وہ اپنے اوپر ہونے والے ظلم کے خلاف آواز بلند کرتیں تو نتیجے میں بے گھر ہونے کا خطرہ تھا۔

انہوں نے کہا کہ لیکن اب وقت بدل گیا ہے، اب خواتین پڑھ لکھ رہی ہیں، خود مختار ہو رہی ہیں، اس لیے اب وہ کسی کا ظلم برداشت کرنے کیلئے پابند نہیں ہیں، انہیں اب یہ ڈر نہیں ہے کہ اگر وہ اپنے اوپر ہونے والے ظلم کے خلاف آواز اٹھائیں گی تو انہیں بے گھر کر دیا جائے گا یا ان کے مالی اخراجات کون اٹھائے گا انہوں نے کہا کہ آج کی خواتین ماضی کے مقابلے زیادہ بہتر انداز میں اپنے حقوق کا دفاع کر سکتی ہیں اور یہی طلاق کی بڑھتی ہوئی شرح کی وجہ ہے، اب مردوں کو سمجھنا چاہیے کہ وہ خواتین کو ظلم کا نشانہ نہ بنائیں۔

(جاری ہے)

صنم سعید نے کہا کہ ایسی خواتین جو خود مختار اور اپنی ذات سے محبت کرتی ہیں، جو اپنے اوپر ظلم برداشت نہیں کرتیں، ان کی پرورش میں پروان چڑھنے والے بیٹوں اور ایسی خواتین جو کم تعلیم یافتہ اور ظلم و جبر برداشت کرتی ہیں، ان کی گود میں پلنے بڑھنے والے بیٹوں میں زمین آسمان کا فرق ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جو خاتون خود سے محبت کریگی، ظلم برداشت نہیں کرے گی، وہ اپنے بیٹے کی تربیت بھی ایسی کرے گی کہ اسے کسی دوسرے پر ظلم نہیں کرنا، کسی کا حق نہیں مارنا ہے، جبکہ وہ عورت جو ظلم بردشت کر رہی ہے، خوف کا شکار ہے، اس کا بیٹا بھی یہی سب سیکھے گا کہ عورت کو ہمیشہ دبا کر رکھنا ہے۔

متعلقہ عنوان :