سلمان خان کے گھر کے باہر فائرنگ کیس کے ملزم کی جیل میں موت، اہل خانہ کا قتل کا الزام

جمعرات 2 مئی 2024 18:12

سلمان خان کے گھر کے باہر فائرنگ کیس کے ملزم کی جیل میں موت، اہل خانہ ..
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 مئی2024ء) بالی ووڈ سٹار سلمان خان کے گھر پر فائرنگ کیس میں گرفتار ملزم نے دورانِ حراست خودکشی کرلی، ملزم کے اہل خانہ نے پولیس پر قتل کا الزام لگا دیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق 32 سالہ انوج تھاپن نے اپنے ایک اور ساتھی کے ساتھ مل کر سلمان خان کے ممبئی کے گھر پر فائرنگ کے لیے ملزمان کو اسلحہ فراہم کیا تھا۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق انوج تھاپن گزشتہ روز واش روم گیا لیکن وہ کافی وقت گزرنے کے باوجود باہر نہیں آیا جس پر پولیس نے زبردستی واش روم کا دروازہ کھولا تو سامنے ملزم پھندہ ڈال کے لٹکا ہوا تھا، انوج کو ہسپتال لے جایا گیا جہاں دورانِ علاج اس کی موت ہوگئی۔دوسری جانب انوج تھاپن کے اہل خانہ نے الزام لگایا ہے کہ ان کے بیٹے نے خودکشی نہیں کی بلکہ اسے جیل میں قتل کیا گیا ہے، ملزم کے بھائی ابھیشیک نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم انوج کے قتل کا انصاف چاہتے ہیں۔