بچے کی پیدائش کے بعد معمول کی زندگی کی طرف واپس آنا یا کسی بھی کام میں جلدی بازی صحت کیلئے نقصان دہ ہو سکتی ہے، زارا نورعباس

پیر 22 اپریل 2024 20:15

بچے کی پیدائش کے بعد معمول کی زندگی کی طرف واپس آنا یا کسی بھی کام میں ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2024ء) اداکارہ زارا نور عباس نے کہا ہے کہ بچے کی پیدائش کے بعد معمول کی زندگی کی طرف واپس آنا یا کسی بھی کام میں جلد بازی صحت کیلئے نقصان دہ ہو سکتی ہے۔انسٹا گرام پر اداکارہ زارا نور عباس نے بیٹی نورِ جہاں کی پیدائش کے بعد گھر واپسی پر ہونے والے استقبال کی کچھ جھلکیاں شیئر کی ہیں۔اداکارہ نے پوسٹ کیپشن میں بیٹی کی پیدائش پر نیک خواہشات کا اظہار کرنیوالے تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ بچے کی پیدائش کے بعد معمول کی زندگی کی طرف واپس آنے یا کسی بھی کام میں جلدی کرنا صحت کے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے۔

انہوں نے لکھا کہ ہم بچے کی پیدائش کے بعد کے 40دنوں کی اہمیت کے بارے میں بات نہیں کرتے حالانکہ یہ دن بھی حمل کی طرح بہت اہمیت کے حامل ہیں۔

(جاری ہے)

زارا نور عباس نے لکھا ہے کہ وہ تمام خواتین جو ابھی مائیں بنیں ہیں، خود کے ساتھ کسی بھی قسم کی زبردستی کر کے ایک مضبوط سپاہی بننے کی کوشش نہیں کریں کیونکہ اللہ کے فضل سے اپنے بچے کو پیدا کر کے آپ پہلے ہی ایک مضبوط سپاہی بن چکی ہیں تو اب تھوڑا آرام کریں۔

انہوں نے لکھا کہ کام کرنے کیلئے دوسروں سے ملنے والی مدد قبول کریں، کھائیں پئیں اور آرام کریں اور لوگوں کی طرف سے ملنے والے وہ مشورے قبول نہ کریں جو آپ کو پسند نہیں ہیں۔اداکارہ نے لکھا کہ اس دوران سب سے اہم آپ کا جسم ہے تو صرف اتنا ہی کام کریں جتنی آپ کے جسم میں ہمت ہے۔انہوں نے پوسٹ کے آخر میں لکھا ہے کہ آپ کے جسم کو دوبارہ معمول کی زندگی کی طرف لوٹنے میں وقت لگے گا لیکن آپ بالکل ٹھیک ہو جائیں گی کیونکہ آپ ایک ماں ہیں اور ایک ماں بہت باہمت ہوتی ہے۔

متعلقہ عنوان :