کم وزن روٹی ونرخنامہ نظر انداز کرنے پر 25نانبائی گرفتار

گرانفروشی کے مرتکب افراد کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے گی ‘ جمشید آفریدی

پیر 22 اپریل 2024 21:22

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اپریل2024ء) محکمہ خوراک کے چھٹی کے روز شام کے وقت حیات آباد اور پشاور سٹی کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے کم وزن روٹی کی فروخت پر25 نانبائیوں کو گرفتار کرلیا۔ صوبائی حکومت کے احکامات کی روشنی اور راشننگ فوڈ کنٹرولر پشاور جمشید آفریدی کی نگرانی میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولرز تسبیح اللہ‘کمال احمد فوڈ انسپکٹر فخر عالم اور سپر وائزر طیب انور نے حیات آباد کے مختلف مارکیٹوں انصاف مارکیٹ‘ سپر مارکیٹ‘ شمع مارکیٹ‘ محمدزئی مارکیٹ‘ حیات آباد میڈیکل کمپلیکس اور پشاور سٹی میں نانبائی کی دکانوں میں آٹے کے نرخوں بارے آگاہی حاصل کی اور ڈیجیٹل سکیل کے ذریعے روٹی کا وزن چیک کیا۔

کم وزن روٹی فروخت کرنے اور مقررہ نرخ سے تجاوز کرنے پر 23 نانبائیوں اور 2 دودھ فروشوں کو گرفتار کرلیا اسی طرح حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں 121 گرام روٹی تیس روپے پر بیچا جا رہا تھا جس پر کینٹین کے منیجر کو دھرلیا گیا۔

(جاری ہے)

راشننگ فوڈ کنٹرولر پشاور جمشید آفریدی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ خوراک کی جانب سے گرانفروشوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

انہوں نے محکمہ خوراک کے افسران کی جانب سے اتوار کے روز شام کے وقت کارروائیوں کو سراہا اور ہدایت کی کہ وہ شہر بھر میں مختلف اوقات کار میں فوڈ پوائنٹس میں اشیائے خوردونوش کے نرخوں بارے آگاہی حاصل کریں جبکہ سرکاری نرخنامے سے تجاوز کرنیوالوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری نرخنامے سے تجاوز کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں جن کے ساتھ آہنی ہا تھوں سے نمٹا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :