ڈپٹی کمشنر کورنگی نے ملیر ندی میں کچرے کی روک تھام کےلئے 8رکنی کمیٹی قائم کردی

پیر 22 اپریل 2024 23:03

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2024ء) کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے ملیر ندی میں کچرہ ڈمپ کرنے کی روک تھام کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر اور میونسپل کمشنر کورنگی کو ترجیحی اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔پیر کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ڈپٹی کمشنر کورنگی نے ملیر ندی میں کچرے کی روک تھام کےلئے دفعہ 144کے نفاذپرموثر عملدرآمد کےلئے8رکنی کمیٹی قائم کر دی ہے اور اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر کورنگی نے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔

نوٹیفکیشن میں کمیٹی سے کہا گیا ہے کہ وہ ملیر ندی میں کچر ہ ڈمپ کرنے کی روک تھام کے لئے نافذ دفعہ 144 کے تحت قائم پابندی پر موثر عملدرآمد کرائیں۔اسسٹنٹ کمشنر کورنگی کوکمیٹی کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے جبکہ دیگر ارکان میں میونسپل کمشنر ٹائون، میونسپل ایڈمنسٹریشن ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ، سپرنٹنڈنڈنگ انجینئر کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ ،متعلقہ ڈی ایس پی ،متعلقہ افسر کنٹونمنٹ بورڈ کورنگی، مختار کار کورنگی اور کورنگی ٹریڈ ایسوسی ایشن کا نمائندہ بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

کمیٹی سے کہا گیا کہ وہ کچرے کی روک تھام کو یقینی بنانے اور ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کریں،ٹائون میونسپل کارپوریشن پابندی کے احکامات اور اس سے متعلق دفعہ 144کے نفاذ کے بارے میں نمایاں جگہ پر آگاہی بینر آویزاں کریں، کمیٹی ہر ہفتہ ڈپٹی کمشنر کو کارروائی کی رپورٹ پیش کر یں۔

متعلقہ عنوان :