فرض شناس و بہادر پولیس افسران محکمہ کا قیمتی اثاثہ ہیں،ملک و قوم کو ایسے افسران کی ضرورت ہے، آر پی او طیب حفیظ چیمہ

پیر 22 اپریل 2024 20:00

گوجرانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2024ء) ریجنل پولیس آفیسرطیب حفیظ چیمہ نے ڈی پی اومنڈی بہائوالدین صفدرکاظمی کے ہمراہ عزیزبھٹی ہسپتال میں پولیس مقابلے میں زخمی ہونے والے تھانہ صدرمنڈی بہائوالدین کے ایس ایچ اوسب انسپکٹرحسن حمزہ کی عیادت کی۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روزتھانہ صدرمنڈی بہائوالدین کے علاقہ ڈھوک سہارن میں ملزمان کی فائرنگ سے ایس ایچ اوصدرمنڈی بہائوالدین سب انسپکٹرحسن حمزہ زخمی ہو گیاجس کوبہترطبی علاج معالجہ کیلئے فوری طورعزیزبھٹی ہسپتال گجرات لے جایا گیا،آرپی اوگوجرانوالہ نے زخمی پولیس آفیسر کی عیادت کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی اورگلدستہ پیش کیا۔

اس موقع پرآر پی اونے کہا کہ فرض شناس اور بہادر پولیس افسران ہی محکمہ کا قیمتی اثاثہ ہیں،ملک اور قوم کو ایسے افسران کی ضرورت ہے جو اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر عوام کی حفاظت کیلئے کوشاں ہیں،محکمہ پولیس کا ہر جوان جرائم پیشہ افراد کے سامنے سینہ سپر ہےجبکہ پولیس افسران کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اورامن وامان کے قیام اور جرائم کے خاتمہ کیلئے پولیس کے شیر دل جوان ہمہ وقت کوشاں ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہسپتال کے ڈاکٹروں سے بھی ملاقات کی اور زخمی ہونے والے پولیس آفیسر کو بہترین علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ گوجرانوالہ ریجن پولیس ہمہ وقت اپنے غازیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔