کسی بھی آفس یااسٹاف کو وسائل کا غلط استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ،صوبائی وزیر

پیر 22 اپریل 2024 22:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2024ء) صوبائی وزیر برائے محکمہ امور حیوانات وترقیات ڈیری بخت محمد کاکڑ نے صوبائی سیکرٹری محکمہ امور حیوانات و ترقیات ڈیری کے سیکرٹری آفس کا دورہ کیا۔صوبائی سیکرٹری محمد طیب لہڑی نے محکمہ کے متعلقہ آفیسرز کے ہمراہ صوبائی وزیر کے ساتھ آئے ہوئے وفد کا استقبال کیا۔اس موقع پر صوبائی سیکرٹری محمد طیب لہڑی نے محکمہ امور حیوانات و ترقیات ڈیری کے حوالے سے بخت محمد کاکڑ کو تفصیلی بریفنگ دی ، بریفنگ کے دوران انہوں نے محکمہ کے تینوں ڈائریکٹریٹ جنرلز کے حوالے سے معلومات سے آگاہ کیا۔

انہیں محکمہ کے تینوں ونگز کی ذمہ داریوں اور حالیہ جاری منصوبوں کے متعلق تفصیلات فراہم کیں ، محکمہ کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور مالداری کے شعبے کو بہتر بنانے کے لیے تجاویز دیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صوبائی وزیر برائے محکمہ امور حیوانات ورڈ ڈیری بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ مالداری کے شعبہ بلوچستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اگر اس شعبہ کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے تو یقینا ًیہ شعبہ تیزی سے ترقی کر سکتا ہے جس سے خاطر خواہ روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور غربت میں کمی متوقع ہے۔

اس مقصد کے حصول کے لیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا اور اسٹاف کی طرف سے کسی بھی قسم کی کوتاہی کو قطعی طور پر برداشت نہیں کیا جائے گا۔ بریفنگ کے فوراً بعد صوبائی وزیر نے صوبائی سیکرٹری کے ہمراہ سول ویٹرنری ہسپتال کوئٹہ کا اچانک دورہ کیا ہے، انہوں نے ہسپتال کی نہ گفتہ بہ حالت پر شدید برہمی کا اظہار کیا متعلقہ آفیسرز کے خلاف موقع پر اظہار ناپسندیدگی جاری کرنے کے احکامات کے ساتھ ساتھ غیر حاضر عملے کو معطل کرنے کے احکامات جاری کیے۔

اس کے علاوہ صوبائی وزیر نے متعلقہ آفیسرز کو ایک ہفتے میں ہسپتال کی حالت کو بہتر بنانے کے احکامات جاری کیے۔اور تنبیہ کی کے آپریشن تھیٹر کی عدم دستیاب سہولیات کو فوری طور پر فراہم کرنے کی ہدایات دی ۔انہوں نے کہا کہ اس ہسپتال کو ماڈل ہسپتال میں تبدیل کیا جائے گا اور پھر صوبہ بھر کے تمام ہسپتالوں اور ویٹرنری ڈسپنسریز کو بین الاقوامی معیار پر تیا ر کیا جائے گا۔

اس موقع پر انہوں نے سختی سے تنبیہ کی کہ کسی بھی افسر کو اور سٹاف کو وسائل کا غلط استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔فرائض کی ادائیگی میں کسی قسم کی کوتاہی قابل معافی نہیں ہوگی۔کالی بھیڑوں کی نشاندہی کر کے انہیں قرار واقع سزا دی جائے گی۔ اچھے افسر اسٹاف کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی درست آفیسر کا انتخاب درست جگہ کے لیے کیا جائے گا تاکہ محکمہ کی کارکردگی کو بہتر بنایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :