ہنگامی طبی سہولیات کا دائرہ کار وسیع کرتے ہوئے بلوچستان میں پہلی پیپلز ائیر ایمبولینس سروس شروع کرنے کا اعلان

پیر 22 اپریل 2024 22:40

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2024ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ہنگامی طبی سہولیات کا دائرہ کار وسیع کرتے ہوئے بلوچستان میں اپنی نوعیت کی پہلی پیپلز ائیر ایمبولینس سروس شروع کرنے کا اعلان کر دیا، اس جدید فضائی ایمبولینس سروس کے ذریعے صوبے کے دور افتادہ علاقوں سے شدید علیل مریضوں کو ہنگامی بنیادوں پر صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت ملک بھر کی بڑی اسپتالوں میں منتقل کیا جاسکے گا، پیپلز ائیر ایمبولینس کے آغاز سے متعلق اپنے ایک پیغام میں وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان حکومت نے تاریخ میں پہلی بار ائیر ایمبولینس کے آغاز کا فیصلہ کیا ہے یہ ائیر ایمبولینس مریضوں کی ہنگامی منتقلی کے لئے متعین ہوگی بلوچستان حکومت نے ایک جہاز فروخت کرنے کے بجائے عوام کے زیر استعمال لانے کا فیصلہ کیا ہے صوبائی حکومت کی ملکیت دو طیاروں میں سے ایک کو ائیر ایمبولینس بنایا جائیگا اس ضمن میں سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ اور محکمہ صحت کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان میں ہیلتھ سروسز سمیت تمام شعبوں میں سروس ڈلیوری کو بہتر بنایا جاررہا ہے فیصلہ سازی کی ترجیحات بدل کر خاطر خواہ نتائج حاصل کئے جاسکتے ہیں ہماری بھرپور کوشش ہے کہ محکمہ صحت میں غیر معمولی اصلاحات لاکر غریب عوام کو سرکاری سطح پر علاج معالجے کی معیاری سہولیات فراہم کی جاسکیں انہوں نے کہا کہ پیپلز ائیر ایمبولینس کے لئے کوئی نئے اضافی وسائل نہیں بلکہ دستیاب وسائل کو ہی مفاد عامہ کے لئے زیر استعمال لایا جا رہا ہے۔