عالمی ادارہ صحت کے نمائندہ برائے پاکستان لو دی پینگ کی وزیر صحت سید قاسم علی شاہ سے ملاقات

وزیر صحت کو دو کولڈ چین گاڑیاں،1400 انڈرائڈ موبائل، 840 انڈرائیڈ ٹیبلٹس، سیلاب میں ایمرجنسی سے نمٹنے کیلئے 3.6 ملین مالیت کی ادویات بھی حوالے کیں

منگل 23 اپریل 2024 03:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2024ء) عالمی ادارہ صحت کے نمائندہ برائے پاکستان لو دی پینگ نے پیر کو وزیر صحت سید قاسم علی شاہ سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران عالمی ادارہ صحت کے نمائندہ برائے پاکستان لودی پینگ نے وزیر صحت سے دو طرفہ اُمور پر تبادلہ خیال کیا۔ ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروس ڈاکٹر شوکت علی نے دونوں رہنمائوں کو صحت کی موجودہ صورتحال بارے آگاہ کیا۔

اس موقع پر عالمی ادارہ صحت کے نمائندہ نے وزیر صحت کو ای پی آئی کیلئے دو کولڈ چین ٹرک عطیہ کردیں جو کہ ویکسین کو دیر پا موثر بنانے کیلئے کارآمد ہونگی۔ لو دی پینگ نے وزیر صحت سید قاسم علی شاہ کو ضم اضلاع کے ای پی آئی اہلکاروں کو ڈیٹا شیئرنگ کیلئے 1400 انڈرائڈ موبائل فونز اور 840 انڈرائیڈ ٹیبلٹس بھی عطیہ کردیں۔

(جاری ہے)

عالمی ادارہ صحت کے نمائندہ برائے پاکستان لو دی پینگ نے حالیہ سیلاب میں ایمرجنسی سے نمٹنے کیلئے 3.6 ملین مالیت کی ادویات بھی محکمہ صحت کے حوالے کردیں۔

وزیر صحت سید قاسم علی شاہ نے عالمی ادارہ صحت کے نمائندہ برائے پاکستان لو دی پینگ کا پختونخوا آنے پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے محکمہ صحت کو ہر سخت وقت میں سپورٹ فراہم کرنے پر عالمی ادارہ صحت کے پختونخوا دفتر کا بھی شکریہ ادا کیا۔ وزیر صحت نے اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ بطور ٹیکنیکل لیڈ ایجنسی عالمی ادارہ صحت نے ہمیشہ محکمہ صحت کی رہنمائی کی ہے۔

وباوں کے سدباب کیلئے بنائے جانے والے آوٹ بریک سیل میں عالمی ادارہ صحت محکمے کی مدد کریں۔ وزیر صحت نے عالمی ادارہ صحت کو مختلف اُمور میں تکنیکی معاونت فراہم کرنے کی بھی استدعا کی۔ عالمی ادارہ صحت کے نمائندہ برائے پاکستان لودی پینگ نے اس موقع پر بتایا کہ پختونخوا کے وزیر صحت و دیگر عملے سے مل کر خوشی ہوئی۔ ہم نے ملکر انسانیت کی فلاح و بہبود کیلئے کام کرنا ہے۔ متعدی بیماریوں کے سدباب کیلئے ہنگامی اقدامات اُٹھانے ہونگے۔ موسمیاتی تغیر کے نتیجے میں آنے والے سیلاب سب سے پہلے صحت کے نظام کو چیلنج کرتے ہیں۔ ہم نے پہلے بھی سیلاب میں سپورٹ فراہم کی ہے اب بھی کررہے ہیں ۔