جی ڈی اے ہائر سیکنڈری سکول گوادر میں تقریب،طلبہ میں ارتھ ڈے کے حوالے سے شعور اجاگر کیا گیا

منگل 23 اپریل 2024 12:39

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2024ء) پرنسپل جی ڈی اے ہائر سیکنڈری سکول گوادر راجہ امتیاز حسین نے کہا ہے کہ زمین کے تحفظ اور اس سے محبت کا شعور اجاگر کرنے کے لئے " زمین" کا عالمی دن منایا جاتا ہے تاکہ بچوں کو ابتدا ہی سے ماحولیاتی تبدیلیوں سے متعلق آگاہی حاصل ہو، ہمارے ہاں درختوں کی کمی کی وجہ سے ماحولیاتی آلودگی اور دیگر مسائل بڑھتے جا رہے ہیں۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے منگل کےروز جی ڈی اے پبلک ہائر سیکنڈری سکول میں ورلڈ ارتھ ڈے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ورلڈ ارتھ ڈے کے انعقاد کے موقع پر بچوں کو اس دن سے متعلق آگاہی دی گئی تاکہ ان میں زمین کے تحفظ بارے شعور پیدا ہو۔ پرنسپل کا کہنا تھا کہ گوادر بین الاقوامی شہر کے طور پر ابھر رہا ہے ،اسے ماحولیاتی آلودگئی سے پاک سر سبز و شاداب شہر دیکھنا چاہتے ہیں ، یہاں محفوظ و خوشگوار ماحول کے لیے ہر شخص کو کردار ادا کرنا ہو گا تاکہ آ ئندہ نسلوں کو بہتر سے بہتر ماحول دستیاب ہو سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملکی و بین القوامی آلودگی کو کم کرنے کے لیے ہمیں چاہیے کہ شہروں کو صاف ستھرارکھیں، انرجی کی بچت کریں،روزمرہ استعمال کی اشیاء کوبار بار استعمال میں لائیں، شاپنگ بیگ کے استعمال کو ترک کریں، پانی کے ضیاع کو روکیں، گھروں،دفاتر اور دوکانوں کی تمام فالتو/غیرضروری بتیاں اور بر قی آلات بند رکھیں،کوڑا کر کٹ گلی، سڑک یا راستے میں نہ پھینک کر بھی ہر شخص ماحول کو آلودہ ہونے سے بچانے کے لیے اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

پرنسپل نے کہا کہ انسانی سرگرمیوں کے باعث زمین کا قدرتی توازن کافی حد تک بگڑ چکا ہے جس سے پودوں اور جانوروں کو بقا کا خطرہ لاحق ہے، موسمیاتی تبدیلیوں، جنگلات کے کٹاؤ، جانوروں کے رہائشی ٹھکانوں و ماحول دوست زراعت میں کمی، آلودگی اور اس طرح کے کئی مضر اثرات کا کرۂ ارض کو سامنا ہے، اس حوالے سے آگاہی اور شعور بیدار کر کے اس خطرے کی رفتار کو کم کیا جا سکتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ارتھ ڈے کا مقصد ماحول کو صاف رکھنا ، آلودگی کا خاتمہ اور زمین میں زیادہ سے زیادہ پودے لگا کر اس کو مزید خوبصورت بنانا ہے۔

متعلقہ عنوان :