پی سی بی کے زیر اہتمام پریذیڈنٹ کپ ون ڈے ٹورنامنٹ (کل) سے راولپنڈی اور ایبٹ آباد میں شروع ہو گا

منگل 23 اپریل 2024 13:09

پی سی بی کے زیر اہتمام پریذیڈنٹ کپ ون ڈے ٹورنامنٹ (کل)  سے راولپنڈی اور ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2024ء) پی سی بی کے زیر اہتمام پریذیڈنٹ کپ ون ڈے ٹورنامنٹ (کل) بروز بدھ سے راولپنڈی اور ایبٹ آباد میں شروع ہو گا ، 50 اوورز پر مشتمل اس ٹورنامنٹ میں سات ڈیپارٹمنٹل ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں ایس این جی پی ایل ، واپڈا ، پی ٹی وی ، اسٹیٹ بینک ، ہائر ایجوکیشن کمیشن ، کے آر ایل اور غنی گلاس شامل ہیں ، ٹورنامنٹ میں شریک ٹیمیں سنگل راؤنڈ رابن فارمیٹ کے تحت مقابلہ کریں گی ، ہر ٹیم کو 6 میچ کھیلنے کو ملیں گے ، 21 لیگ میچوں کے بعد ٹاپ چار ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی ، لیگ میچز شعیب اختر اسٹیڈیم ، راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم اور ایبٹ آباد کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے ، سیمی فائنلز اور فائنل کے مقامات کا اعلان بعد میں کیا جائے گا ، واپڈا کی قیادت احمد شہزاد ، اسٹیٹ بینک کی قیادت عثمان صلاح الدین ، کے آر ایل کی قیادت روحیل نذیر اور غنی گلاس کی قیادت معیز غنی کریں گے ، ہائر ایجوکیشن کی ٹیم محمد حریرہ، پی ٹی وی کی ٹیم شامل حسین اور ایس این جی پی ایل کی ٹیم سعود شکیل کی قیادت میں میدان میں اترے گی ، پی سی بی کے مطابق ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 25 لاکھ روپے کی انعامی رقم رکھی گئی ہے ، فاتح ٹیم کو ٹرافی کے ساتھ 15 لاکھ روپے ملیں گے ، ڈومیسٹک کرکٹ آپریشنز کے ڈائریکٹر عبداللہ خرم نیازی کا کہنا ہے کہ فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد کے بعد یہ ون ڈے ٹورنامنٹ ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کی واپسی اور بحالی کے ضمن میں ایک مثبت قدم ہے ، ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کی واپسی پی سی بی کے چیئرمین کی ملک بھر میں ڈومیسٹک کرکٹ کو دوبارہ متحرک کرنے کی پالیسی کے مطابق ہے جس سے نوجوان کھلاڑیوں کے لیے زیادہ مواقع اور نئے ٹیلنٹ کے ابھرنے کے زیادہ امکانات ہوں گے ، ٹورنامنٹ کے افتتاحی روز تین میچ کھیلے جائیں گے ، پہلے میچ میں ایس این جی پی ایل اور غنی گلاس کی ٹیمیں راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں مدمقابل ہوں گی ، دوسرا میچ پی ٹی وی اور ایس بی پی کے مابین ایبٹ آباد اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ تیسرے میچ میں کے آر ایل اور واپڈا کی ٹیمیں کے آر ایل اسٹیڈیم ، راولپنڈی میں آمنے سامنے ہوں گی ، ٹورنامنٹ کا پہلا سیمی فائنل 9 مئی ، دوسرا سیمی فائنل 10 مئی جبکہ فائنل 12 مئی کو کھیلا جائے گا ۔