اسسٹنٹ کمشنرز کو گندم کے خریداری مراکز کا فوری معائنہ،وہاں انتظامات کاجائزہ لینے کی ہدایت کی گئی ہے،ترجمان کمشنر فیصل آباد

منگل 23 اپریل 2024 13:11

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2024ء) فیصل آباد ڈویژن کی تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز کو گندم کے خریداری مراکز کا فوری معائنہ کرکے وہاں ضروری انتظامات کاجائزہ لینے کی ہدایت کی گئی،کہاگیاہے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر ان مراکز کادورہ کریں اور کاشتکاروں کو حکومتی پالیسی کے مطابق باردانے کی فراہمی اور گندم کی مقررہ نرخوں اور اوزان کے مطابق خرید سمیت تمام عوامل کی ڈیلی انسپکشن کرکے اس کی تحریری رپورٹ ڈی سیز کے ذریعے کمشنر کو فراہم کریں۔

ڈویژنل انتظامیہ کے ترجمان نے بتایا کہ مذکورہ ہدایات کی روشنی میں تحصیل اسسٹنٹ کمشنرز گندم کی سرکاری خریداری کے عمل کی کڑی نگرانی کریں گے تاکہ کسی قسم کی بے قاعدگی کااحتمال نہ رہے۔ انہوں نے کہاکہ خریداری مراکز پر کاشتکاروں کی سہولت کا بھی خاص خیال رکھا جائے گا، کسی قسم کی بدانتظامی،بے قاعدگی اورضروری سہولیات کی عدم فراہمی سے متعلق رپورٹ پر فوری سنٹرانچارج کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے کاشتکاروں کی سہولت کےلئے سٹیزن فیڈ بیک ماڈل بھی قائم کردیا گیاہے لہٰذا کاشتکار کسی بھی خریداری مرکز پر سرکاری اہلکاروں کی جانب سے کسی قسم کی بد عنوانی، رشوت کی طلبی،زیادہ وزن کے مطالبے سمیت دیگر شکایات فوری طور پر ایس ایم ایس سروس کے ذریعے 9211 نمبر پر بتاسکتے ہیں جن کا فوری ازالہ کیاجائے گا ،نیز اس ضمن میں ہیلپ لائن 0800-09211،0800-13505 بھی قائم کردی گئی ہے جو مفت 24گھنٹے کام کررہی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ کاشتکار گندم کی خریداری مہم میں کسی بھی قسم کی معلومات، رہنمائی یاشکایات کےلئے اس نمبر پر بھی رابطہ کرسکتے ہیں۔