یورپی یونین کی تین ممالک کیلئے ویزہ قوانین میں نرمی

منگل 23 اپریل 2024 15:06

برسلز (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2024ء) یورپی یونین نے تین خلیجی ممالک کے شہریوں کے لیے ویزا کے قواعد و ضوابط میں نرمی کا اعلان کردیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یورپی یونین نے گزشتہ روز جن تین ممالک کے ناموں کا اعلان کیا ان میں سعودی عرب، عمان اور بحرین شامل ہیںِ جن سے تعلق رکھنے والے شہری اس سہولت سے مستفید ہوسکتے ہیں۔

مذکورہ شہری ملٹی انٹری ویزے کے اہل ہوں گے جس سے وہ ایک ہی ویزے کے ساتھ پانچ سال کی مدت میں متعدد مرتبہ یورپی یونین کا دورہ کرسکیں گے۔رپورٹ کے مطابق یورپی کمیشن نے تین خلیجی ملکوں کے لیے ملٹی انٹری ویزے کے قواعد کو اپ ڈیٹ کرنے کے لیے اقدامات کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے۔علاوہ ازیں یورپی یونین کے خارجہ اموراورسکیورٹی پالیسی کے اعلی نمائندے جوزف بوریل نے تصدیق کی کہ یورپی کمیشن نے خلیجی ممالک کے شہریوں کو ملٹی پل ویزا دینے کی منظوری دی ہے۔

(جاری ہے)

اس اپ ڈیٹ کا مقصد ان تمام جی سی سی ممالک کے لیے ویزا رولز کو معیاری بنانا ہے جن کے شہریوں کو شنگین ایریا تک رسائی کے لیے ویزا درکار ہوتا ہے۔اس سے قبل سال 2022 جون میں یورپی یونین نے شینگین ویزا نظام میں شامل ملکوں میں توسیع کی تھی۔یورپی یونین کے کمیشن نے یورپی کونسل سے سفارش کی تھی کہ وہ مشرقی یورپ کے تین ممالک کروشیا، رومانیہ اور بلغاریہ کو شینگین نظام میں شامل کرنے کی منظوری دے۔