فیصل آباد ،ریسکیو 1122کے زیر اہتمام ورلڈ ارتھ ڈے کے متعلق آگاہی سیمینار اور واک

منگل 23 اپریل 2024 17:16

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2024ء) ریسکیو 1122 فیصل آباد کے زیر اہتمام زمین کے عالمی دن حوالے سے آگاہی سیمینار اور واک کا انعقاد کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ورلڈ ارتھ ڈے کے حوالے سے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ظفر اقبال کی زیر قیادت آگاہی واک اور سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں ریسکیوافسران اور سٹاف کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

ضلع بھر میں مختلف ریسکیو سٹیشنز پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر سمیت تمام افسران، سٹاف اور ریسکیو والنٹیرز نے شجرکاری مہم میں بھرپور حصہ لیا۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس دن کو منانے کا مقصد کرہ ارض کے قدرتی نظام کو درپیش خطرات سے متعلق آگاہی پیدا کرنا ہے۔ زمین کی حفاظت ہم سب کی یکساں ذمہ داری ہے تاکہ زمین کو درپیش ماحولیاتی خطرات سے بچایا جا سکے۔

(جاری ہے)

انسانی سرگرمیوں کی وجہ سے زمین کے قدرتی نظام پر گہرے منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں جن کا خمیازہ ہم آج زلزلوں، سمندری طوفانوں، سیلاب اور خشک سالی وغیرہ جیسی قدرتی آفات کی صورت میں بھگت رہے ہیں ،اگر مناسب اقدامات نہ اٹھائے گئے تو مستقبل میں قدرتی آفات کی شرح مزید بڑھے گی۔انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے شجرکاری کو فروغ دینا بہت ہی اہم ہے، ہمیں چاہیئے کہ اس دن کی مناسبت سے ہر شہری کم از کم ایک درخت ضرور لگائے، درخت لگانے کے بعد اس کی افزائش اور دیکھ بھال کی بھی ضرورت ہے، ہمیں درختوں کی کٹائی کی حوصلہ شکنی کرنا ہوگی اور دوسرا پلاسٹک کا بڑھتا ہوا استعمال ایک نیا چیلنج بن کر سامنے آ گیا ہے۔

ہمیں یہ شعور اجاگر کرنا ہو گا کہ پلاسٹک چاہے وہ کسی بھی شکل میں ہو ہمیں اس کا استعمال بہت محدود کرنا ہو گا۔

متعلقہ عنوان :