پاکستان اور افغانستان کے درمیان باہمی تجارت کے فروغ کی بڑی گنجائش موجود ہے،ذکی اعجاز

منگل 23 اپریل 2024 17:36

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2024ء) افغانستان چیمبر آف کامرس اینڈ انویسٹمنٹ(اے سی سی آئی) کے وفد نے بورڈ ممبر اور پاک۔افغان جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (پی اے جے سی سی آئی)کے شریک چیئرمین خان جان الکوزی کی قیادت میں فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) ریجنل آفس لاہور کا دورہ کیا اور ریجنل چیئرمین ذکی اعجاز اور پاکستانی بزنس کمیونٹی سے ملاقات کی۔

اس موقع پر ذکی اعجاز نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان باہمی تجارت کے فروغ کی بڑی گنجائش موجود ہے،علاقائی تجارت بہت اہمیت کی حامل ہے اور اس میں اضافہ وقت کی ضرورت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمسایہ ممالک کے ساتھ تجارت ضروری ہے،دو طرفہ باہمی تجارت کے فروغ کے لیے بینکنگ چینل کا ہونا بہت اہم ہے،سمگلنگ کی روک تھام کے لئے اقدامات ضروری تھے کیونکہ سمگلنگ سے ملکی معیشت کو بہت زیادہ نقصان ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

خان جان الکوزی نے کہا کہ افغان حکومت پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات کی خواہاں ہے۔ایف پی سی سی آئی اور اے سی سی آئی باہمی تجارت کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں،اسلامی چیمبر آف کامرس کاکردار بھی قابل تعریف ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ دونوں طرف سے زراعت کی مصنوعات پر ٹیرف اور ٹیکسز کوختم کیا جائے،اس سے تجارت میں مزید اضافہ ہو گا۔پاکستان ہمارا دوسرا گھرہے،ہماراکلچر اور زبان بھی ایک ہے۔تقریب میں ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کی سینئر ڈائریکٹر رافعہ سید،ڈپٹی ڈائریکٹر مریم علوی،پی اے جے سی سی آئی کے نائب صدر شجاع محمد،اسلامک چیمبر آف کامرس کے ڈائریکٹر خواجہ اشرف و دیگر نے بھی دو طرفہ باہمی تجارت کے فروغ کے حوالے سے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔