ماسٹر پلاننگ میں غلہ منڈی، سبزی و فروٹ منڈی، بس سٹینڈ، ٹرک سٹینڈ اور ہول سیل مارکیٹ کو شہر سے باہر شفٹ کیا جائے گا،کمشنر راولپنڈی

منگل 23 اپریل 2024 18:55

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2024ء) کمشنر راولپنڈی ڈویژن عامر خٹک نے انجمن تاجران کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تاجر طبقے کو انتظامیہ کے ساتھ مل کر عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے اقدامات کرنے ہوں گے۔ انہوں نے تاجروں کی طرف سے شہر میں امن و امان کے قیام اور کاروباری فضا کو بہتر بنانے کی تجاویز کا خیر مقدم کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کو ہدایت کی کہ راولپنڈی کی ماسٹر پلاننگ کے دوران تاجروں کی تجاویز کو خاص طور پر مدنظر رکھا جائے۔

انہوں نے بتایا کہ ماسٹر پلاننگ میں شہر سے غلہ منڈی، سبزی و فروٹ منڈی، بس سٹینڈ، ٹرک سٹینڈ اور ہول سیل مارکیٹ کو شہر سے باہر شفٹ کیا جائے گا۔ کمشنر راولپنڈی نے کہا کہ شہر کے مین بازاروں میں پبلک واش رومز کے قیام کے لئے جگہوں کی نشاندہی کی جائے۔

(جاری ہے)

جو جگہ میونسپل کارپوریشن کی حدود میں ہوگی وہاں میونسپل کارپوریشن جبکہ پرائیویٹ جگہ پر امداد سے پبلک واشرومز بنائے جائیں۔

اسکے علاوہ صفائی کی صورتحال میں بہتری لانے کے لئے تمام بازار اپنے عارضی کلکٹنگ پوائنٹ کی نشاندہی کرے جہاں سے عارضی طور پر بازار کا کوڑا جمع کرنے کے بعد بڑی گاڑی کے ذریعے اسے وہاں سے شفٹ کیا جائے گا۔ تاجروں کی طرف سے کمرشل نقشہ جات کی اپروول میں تاخیر کی نشاندہی پر کمشنر راولپنڈی نے میونسپل کارپوریشن کو آج شام تک رپورٹ جمع کروانے کی ہدایت کی جس میں درخواست کی تاریخ اور تاخیر کی تمام تفاصیل موجود ہوں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ شہر کے تمام نالوں کی ڈسلٹنگ کا کام فوری شروع کیا جائے تاکہ آنے والے مون سون سے قبل پانی کے اخراج کو موثر انتظام کر کے پانی کو گھروں اور دوکانوں میں جمع ہونے سے روکا جائے۔ عامر خٹک نے کہا کہ انتظامیہ اور تاجروں کے آپس میں اچھی انڈرسٹینڈنگ سے ہی عوام کو ریلیف فراہم کیا جاسکتا ہے۔ \378

متعلقہ عنوان :