درود پاک کی برکت سے مشکلات ٹل جاتی ہیں، حاجی فضیل رضا عطاری

صبح کی کیفیات پر غور کریں، جیسی صبح گزرے گی، سارادن ایسا ہی گزریگا،فیضان مدینہ میں بیان

منگل 23 اپریل 2024 19:14

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2024ء) دعوت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن و نگران کراچی مشاورت حاجی فضیل رضا عطاری نے کہا ہے کہ درود پاک وہ مبارک نیکی ہے جس کی برکت سے مشکلات ٹلتی ہیں، وہ مشکلات جو ہم پر آچکی ہیں،جن کا سامنا ہم کررہے ہیں یا وہ مشکلات جو ابھی ہم پر آنے والی ہیں، درود پاک کی برکت سے وہ آنے سے قبل ہی ٹل جاتی ہیں، الحمد للہ یہ وہ نیکی ہے جس کی برکت سے ہماری ایسی ایسی جگہ سے مدد ہوجاتی ہے جس کا ہمیں خیال تک نہیں آتا، یہ ایسا بے مثال وظیفہ ہے کہ اس کا ثواب اور اس کی برکتیں شمار نہیں کی جاسکتیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں منعقد ہ ہفتہ وار سنتوں بھرے اجتماع میں بیان کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اچھی نیت بندے کو جنت میں پہنچا دیتی ہے، ہم میں سے ہر ایک کو اپنی اپنی کیفیات کے بارے میں غور کرلینا چاہئے کہ ہمارے دل میں نیکی کی محبت ہی جس کے دل میں یہ محبت ہے وہ اللہ کا پسندیدہ بندہ ہے اور اگر خدانخواستہ اس کا الٹ ہے یعنی جس کے دل میں گناہوں کی رغبت ہے، اسے ڈرنا چاہئے کہ یہ اللہ کا ناپسندیدہ بندہ ہونے کی نشانی ہے۔

حاجی فضیل رضا عطاری نے کہا کہ صبح کا وقت بہت قیمتی ہے، اس وقت رحمتیں اترتی ہیں، برکتیں اترتی ہیں،یہ رزق کی تقسیم کا وقت ہے، اللہ پاک کے ذکر میں مصروف ہونے کا وقت ہے، اور جو بندہ مال کی فکر میں صبح کرتا ہے، وہ چاہے جتنا بھی کمالے، جتنی بھی بھاگ دوڑ کرلے، کھائے گا وہی جو اللہ نے مقدر میں لکھا ہے، اور جو خوش نصیب اللہ کا قرب پانے اور آخرت کی فکر لئے صبح اٹھتا ہے تو اللہ پاک اسے رزق بھی عطا فرما دیتا ہے اور اپنے رستے کی ہدایت سے بھی نواز دیتا ہے،لہٰذا ہمیں اپنی صبح کی کیفیات اور صبح کی عادات پر غور کرنا چاہئے، جیسی ہماری صبح گزرے گی، سارادن ایسا ہی گزرے گا۔

متعلقہ عنوان :