چیئرمین پی اے سی کا معاملہ،سپیکر قومی اسمبلی اور اپوزیشن میں مذاکرات کا ایک اور دور ناکام

منگل 23 اپریل 2024 22:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2024ء) چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے معاملہ پر سپیکر قومی اسمبلی اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کا ایک اور دور ناکام ہوگیا۔ذرائع کے مطابق اپوزیشن نے شیر افضل مروت کے نام سے پیچھے ہٹنے سے انکار کر دیا، حکومت نے شیر افضل مروت کو چیئرمین پی اے سی بنانے کی مخالفت کر دی، حکومت عامر ڈوگر کو چیئرمین پی اے سی بنانے پر تیار ہے۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی کے مطابق ذرائع اسمبلی سیکرٹریٹ نے بتایا کہ سنی اتحاد کونسل میں عامر ڈوگر کے نام پر اختلاف ہے، عمر ایوب نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے شیر افضل مروت کو نامزد کیا ہے ہم اس سے پیچھے نہیں ہٹ سکتے۔ذرائع نے بتایا کہ جے یو آئی (ف) کے نور عالم خان نے بھی لابنگ تیز کردی، چیئرمین پی اے سی کیلئے جے یو آئی (ف) کی طرف سے جلد درخواست جمع کروانے کا فیصلہ کیا گیا، جے یو آئی حکام کے مطابق جے یو آئی (ف) سب سے بڑی اپوزیشن جماعت ہے کیونکہ پی ٹی آئی کے تمام اراکین آزاد ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ سپیکر نے اپوزیشن اور حکومت کے ساتھ بات چیت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔