ماحولیاتی آلودگی کا خاتمہ صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے ، فضل حکیم خان

منگل 23 اپریل 2024 22:56

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2024ء) خیبرپختونخوا کے وزیر برائے جنگلات و ماحولیات فضل حکیم خان یوسفزئی نے کہا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی کا خاتمہ صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے اس سلسلے میں محکمہ ماحولیات اور تمام لوگوں کو اپنا اجتماعی اور انفرادی کردار ادا کرنا ہوگا کیونکہ آئندہ نسلوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے ،موجودہ صوبائی حکومت عوامی خدمت کی سیاست پر عمل پیرا ہے اور وزیراعلی خیبرپختونخوا سردار علی امین گنڈاپور کے وژن کو عملی جامہ پہنایا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر فضل حکیم خان یوسفزئی نے اپنے دفتر پشاور میں خیبرپختونخوا ماحولیاتی تحفظ ایجنسی کے افسران کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ،ملاقات میں ڈائریکٹر ای پی اے امجد علی خان، ڈائریکٹر ای پی اے محمد حنیف، ڈپٹی ڈائریکٹر واجد علی، ڈپٹی ڈائریکٹر وحید خان اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

وفد نے صوبائی وزیر فضل حکیم خان یوسفزئی کو اپنے درپیش مسائل سے آگاہ کیا صوبائی وزیر نے وفد کو ای پی اے کی مضبوطی اور تحفظ ماحولیات کے لیے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

فضل حکیم خان یوسفزئی کا کہنا تھا کہ آلودگی پھیلانے والے عناصر پر کڑی نظر رکھیں اور ماحول کے تحفظ کو یقینی بنائیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم سب کو مشترکہ طور پر ماحولیاتی تحفظ کے لیے آگے بڑھنا ہوگا اور زیادہ سے زیادہ درخت لگانے ہونگے۔

متعلقہ عنوان :