لاہور،50ویں کامن ٹریننگ پروگرام میں زیر تربیت اے ایس پیز کے وفد کا سینٹرل پولیس آفس کا مطالعاتی دورہ

بدھ 24 اپریل 2024 12:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2024ء) 50 ویں کامن ٹریننگ پروگرام میں زیر تربیت اے ایس پیز کے وفد نے سینٹرل پولیس آفس کا مطالعاتی دورہ کیا۔ترجمان سنٹرل پولیس آفس کے مطابق آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور و دیگر پولیس افسران نے سی پی او درسگاہ میں زیر تربیت اے ایس پیز کو تربیتی لیکچرز دئیے۔زیر تربیت اے ایس پیز کو آپریشنز، انویسٹی گیشن ، ٹریفک مینجمنٹ ، پبلک سروس ڈلیوری اور جرائم پر قابو پانے کے جدید پراجیکٹس بارے آگاہی فراہم کی گئی۔

اے ایس پی شہربانو نقوی کی سپرویژن میں انڈر ٹریننگ افسران کو پولیس کے جدید سروس ڈلیوری پراجیکٹس کے دورے کرائے گئے ۔زیر تربیت افسران نے خدمت و تحفظ مرکز لبرٹی، میثاق سینٹر، سپیشل انیشئیٹو پولیس سٹیشن گلبرگ کی ورکنگ بارے آگاہی حاصل کی ۔

(جاری ہے)

نوجوان افسران کو آبشار خدمت مرکز و ڈرائیونگ سنٹر ، پولیس اینیمل ریسکیو سنٹر سمیت آئی ٹی ٹیکنالوجی سے مزین پبلک سروس ڈلیوری پراجیکٹس کا دورہ بھی کروایا گیا۔

اس موقع پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیسنگ ایک نوبل پروفیشن ہے، ملازمت کو ڈیوٹی نہیں خدمت اور عبادت سمجھ کر ادا کرنے کا عزم کریں۔ مستقبل آئی ٹی بیسڈ پولیسنگ کا ہے، نئے رحجانات اور مہارتوں کو سیکھنے پر خصوصی توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ جرائم پر قابو پانے کے لئے فری رجسٹریشن آف کرائم، اوپن ڈور پالیسی اور شہریوں کے مسائل کا فوری حل اولین ترجیح ہے۔ پولیسنگ کے چیلنجز سے ہم آہنگ ہونے کے لئے کیرئیر کے آغاز میں مشکل پوسٹنگ کو ترجیح دیں ۔ انہوں نے کہا کہ کمیونٹی پولیسنگ ، شہریوں سے براہ راست رابطہ اور ماتحت فورس کی فلاح و بہبود کے لئے کوئی کسر نہ چھوڑیں۔