زمبابوے کا بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے لئے سکواڈ کا اعلان،تادیواناشے مارومنی اورفراز اکرم کی واپسی

بدھ 24 اپریل 2024 16:42

ہرارے (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2024ء) زمبابوے کرکٹ (زیڈ سی)نے آئندہ ماہ بنگلہ دیش میں شیڈول پانچ ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز کے لیے 15 رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے جس کی قیادت سکندر رضا کریں گے، تادیواناشے مارومانی اور فراز اکرم کو سکواڈ میں واپس بلا لیا گیا ہے، جوناتھن کیمبل کو بھی سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے جو سابق کپتان الیسٹر کیمبل کے بیٹے ہیں،باقی سکواڈ وہی ہے جس نے رواں سال جنوری میں سری لنکا کا دورہ کیا تھا ۔

جوناتھن کیمبل گزشتہ ماہ افریقی گیمز میں طلائی تمغہ جیتنے والے زمبابوے کے ایمرجنگ پلیئرز سکواڈ کا حصہ تھے،کلائیو مڈانڈے اور برائن بینیٹ بھی اس ایمرجنگ پلیئرز اسکواڈ میں موجود تھے ، وہ بھی سینئر ٹیم میں اپنی جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب رہے ہیں، ہیڈ کوچ کی غیر موجودگی میں اس سیریز کے لیے سابق کھلاڑی سٹورٹ ماتسیکینیری زمبابوے کے انچارج ہوں گے۔

(جاری ہے)

زمبابوے اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے درمیان پانچ ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کا آغاز 3 مئی کو چٹوگرام میں ہوگا ۔ پانچ میچوں کی سیریز کے ابتدائی تین میچ چٹوگرام میں ہی کھیلے جائیں گے جبکہ بقیہ دو میچز ڈھاکہ میں شیڈول ہیں۔ یہ سیریز جون میں ہونے والے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سے قبل بنگلہ دیشی ٹیم کے لئے مثالی تیاری کے طور پر بھی کام کرے گی، تاہم زمبابوے عالمی ایونٹ کے لیے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہا۔

بنگلہ دیش کے خلاف پانچ ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کے لئے اعلان کردہ 15 رکنی ٹیم کی قیادت سکندر رضا کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں فراز اکرم، برائن بینیٹ، ریان برل، جوناتھن کیمبل، کریگ ارون، جویلورڈ گمبی، لیوک جونگوے، کلائیو مداندے، تادیواناشے مارومانی، ویلنگٹن مساکڈزا، بلیسنگ مزاربانی، آئنزلے نڈلوو، ریچارڈن اور ولیم ندالووشامل ہیں۔\932