سندھ ہائی کورٹ :مہوش حیات اورکبریٰ خان کی عادل راجہ کے خلاف درخواست پر ایف آئی اے کے تفتیشی افسران کو پیش ہونے کا حکم

بدھ 24 اپریل 2024 18:13

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2024ء) سند ھ ہائی کورٹ نے سوشل میڈیا پر جھوٹی مہم چلانے سے متعلق اداکارہ مہوش حیات اورکبریٰ خان کی عادل راجہ کے خلاف درخواست پر ایف آئی اے کے تفتیشی افسران کو پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 4ہفتے کے لیے ملتوی کردی ہے ۔سندھ ہائیکورٹ میں سوشل میڈیا پر جھوٹی مہم چلانے سے متعلق اداکارہ مہوش حیات اور رابعہ اقبال عرف کبری خان کی عادل فاروق راجہ کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔

تفتیش مکمل نہ ہونے پر عدالت نے ایف آئی اے کے تفتیشی افسران کو پیش ہونے کا حکم دیا۔ عدالت کے طلب کرنے کے باجود تفتیشی افسر عارفہ سعید اور کومل پیش نہیں ہوئیں۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر حاضری یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 4 ہفتے کیلیے ملتوی کردی۔

(جاری ہے)

دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا تھا کہ یو ٹیوبر برطرف فوجی افسر نے میڈیا انڈسٹری کی 4 اداکاراں کے خلاف جھوٹے الزامات لگا کر ان کی تذلیل کی۔

جھوٹے اور من گھڑت الزامات سے اداکاراوں کی عزت اور وقار کو مجروح کیا گیا۔ یوٹیوبر عادل فاروق راجہ نے بعد میں ایک اور ویڈیو وضاحت کی اور پہلے والے موقف سے مکر گئے۔ اس دوران درخواستگزار سمیت اداکارہ کی ساکھ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا۔ ہتک آمیز مواد کو ہٹانے کے لیے ایف آئی اے اور پی ٹی اے سے رابطہ کیا گیا ہے لیکن کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔