Live Updates

عدت میں نکاح کیس، بانی پی ٹی آئی و بشریٰ بی بی کی اپیلوں پر سماعت 30 اپریل تک ملتوی

عون چوہدری دونوں نکاح میں گواہ تھے، رضوان عباسی نے کیس کے گواہ عون چوہدری کا بیان عدالت کے سامنے پڑھا

بدھ 24 اپریل 2024 19:28

عدت میں نکاح کیس، بانی پی ٹی آئی و بشریٰ بی بی کی اپیلوں پر سماعت 30 ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2024ء) اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے عدت میں نکاح کیس کی سزا کے خلاف بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں پر سماعت 30 اپریل تک ملتوی کر دی۔بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی سزا کے خلاف مرکزی اپیلوں پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شاہ رخ ارجمند نے سماعت کی۔جج شاہ رخ ارجمند نے خاور مانیکا کے وکیل رضوان عباسی سے سوال کیا کہ عباسی صاحب آپ صبح صبح عدالت میں کیسی خاور مانیکا کے وکیل رضوان عباسی نے جواب دیا کہ ہائی کورٹ جانا ہے، وہاں دلائل دینے ہیں، جتنے دلائل دے سکتا ہوں وہ دے کر ہائی کورٹ جائوں گا۔

اس کے ساتھ ہی خاور مانیکا کے وکیل رضوان عباسی نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ خاور مانیکا کے بیان سے ثابت ہوتا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی قصور وار ہیں۔

(جاری ہے)

جج شاہ رخ ارجمند نے کہا کہ اسی معاملے پر ایک شکایت پہلے بھی آئی تھی جو واپس لے لی گئی تھی، اس پر بھی معاونت کریں۔خاور مانیکا کے وکیل رضوان عباسی نے کہا کہ پہلے جو شکایت آئی تھی وہ فردِ جرم سے پہلے ہی واپس لے لی گئی تھی، فردِ جرم سے پہلے واپس لی گئی درخواست موجودہ درخواست پر اثر انداز نہیں ہو سکتی، اسلامی فیملی قانون کے سیکشن 7 نے عدت کا دورانیہ 90 دن بتایا ہے، بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی پر 3 الزامات عدت میں نکاح، فراڈ شادی، حقِ رجوع ختم کرنے کے ہیں۔

اس موقع پر بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان اکرم راجہ سیشن عدالت میں پیش ہوئے۔خاور مانیکا کے وکیل رضوان عباسی نے دلائل جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ملزمان کی جانب سے دورانِ ٹرائل حلف لینے کی بات کی گئی، خاور مانیکا نے حلف لینے کی آفر قبول کی تو بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی مکر گئے۔خاور مانیکا کے وکیل رضوان عباسی نے دورانِ عدت نکاح کیس میں کی گئی جرح عدالت کے سامنے پڑھ کر سنائی اور کہا کہ ملزمان نے 342 کے بیان میں بتایا کہ انہوں نے یکم جنوری کو نکاح کیا ہے مگر اعلان بعد میں کیا۔

اس موقع پر خاور مانیکا کے وکیل رضوان عباسی نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے 342 کے بیانات عدالت کے سامنے پڑھے۔جج شاہ رخ ارجمند نے سوال کیا کہ زبانی یا تحریری طور پر طلاق سے متعلق قانون کیا کہتا ہی خاور مانیکا کے وکیل رضوان عباسی نے جواب دیا کہ قانون میں دونوں طریقے ہیں مگر ملزمان نے تحریری طور پر کچھ پیش نہ کیا۔خاور مانیکا کے وکیل رضوان عباسی نے کیس کے گواہ عون چوہدری کا بیان عدالت کے سامنے پڑھا اور کہا کہ عون چوہدری کے مطابق وہ فروری کے نکاح میں بھی گواہ تھے، عون چوہدری دونوں نکاح میں موجودگی سے متعلق بیان دے چکے۔

خاور مانیکا کے وکیل رضوان عباسی نے کہا کہ تمام تر ثبوت بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف ہیں۔رضوان عباسی نے کیس کے گواہ لطیف کا بیان بھی عدالت کے سامنے پڑھا اور دلائل دیتے ہوئے کہا کہ لطیف کے بیان کے زیادہ تر حصے سے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی انکاری نہیں، نومبر میں طلاق اور جنوری میں نکاح کرنے سے خاور مانیکا کے رجوع کرنے کا حق مجروح کیا گیا، فیملی لاء آرڈیننس کے مطابق عدت کا دورانیہ 90 دن کا ہے، طلاق کے بعد دورانِ عدت شوہر کی موت ہو جاتی ہے تو بیوی کو بیوہ والی عدت کا دورانیہ بھی مکمل کرنا ہو گا۔

اس کے ساتھ ہی رضوان عباسی کی جانب سے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی گئی۔عدالت نے دورانِ عدت نکاح کیس میں اپیلوں کی سماعت میں 2 بجے تک وقفہ کر دیا۔دوبارہ سماعت شروع ہوئی تو بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان اکرم راجہ عدالت میں پیش ہوئے البتہ شکایت کنندہ خاور مانیکا کے وکیل رضوان عباسی پیش نہ ہوئے، ان کی جگہ ایسوسی ایٹ وکیل پیش ہوئے۔جونیئر وکیل نے استدعا کی کہ رضوان عباسی مصروفیات کے باعث پیش نہیں ہو سکے، سماعت ملتوی کر دیں۔

جج شاہ رخ ارجمند نے استفسار کیا کہ عباسی صاحب کس ٹائم فری ہوں گی اس موقع پر بشریٰ بی بی کے وکیل نے ایک مرتبہ پھر سزا معطلی کی استدعا کر دی۔جج شاہ رخ ارجمند نے کہا کہ کیس کے میرٹس پر کام ہو چکا ہے، مرکزی اپیلوں پر ہی رہیں گے، صرف سلمان اکرم راجہ اور عثمان گل کی رائے مانی جائے گی۔وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ ہفتے کے روز سماعت رکھ لیں، پتہ نہیں کیوں یہ التواء چاہتے ہیں، ہفتے کو کسی ٹائم بھی رکھ لیں، آج بھی ہم ساڑھے 3 تک دیکھ لیتے ہیں۔رضوان عباسی کے ایسوسی ایٹ نیاگلے ہفتے تک سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کر دی، جس پر عدالت نے کیس کی سماعت 30 اپریل تک ملتوی کر دی۔
Live بشریٰ بی بی سے متعلق تازہ ترین معلومات