ہم اپنی سرحدوں کے اندر مہاجرین کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے تعاون جاری رکھیں گے،وفاقی وزیرانجنیئر امیرمقام

بدھ 24 اپریل 2024 20:23

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2024ء) وفاقی وزیر برائے ریاستی و سرحدی علاقہ جات و امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام کوچیف کمشنر افغان مہاجرین عباس خان نے بدھ کے روز آر اے ایچ اے(راہا)پروگرام کے حوالے سے بریفنگ دی۔اس موقع پر وفاقی سیکرٹری سیفرون ناہید ایس درانی اور دیگر اعلیٰ حکام موجود تھے ۔چیف کمشنر افغان مہاجرین نے وفاقی وزیر کو راہا پروگرام کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ شیئر کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ راہا کا بنیادی مقصد افغان مہاجرین اور ان کی میزبان کمیونٹیز کے درمیان سماجی ہم آہنگی پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کا مقصد افغان مہاجرین اور میزبان کمیونٹیز کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنا بھی ہے۔وفاقی وزیر کو 2009 سے 2023 تک لگائے گئے منصوبوں، فنڈنگ ​​کی تفصیلات اور خیبرپختونخوا میں پی ٹی ایف کے تجویز کردہ منصوبوں کے بارے میں بھی بتایا گیا۔انجینئر امیر مقام نے ہدایت کی کہ راہا کے منصوبوں کو شفاف طریقے سے نافذ کیا جائے اور مکمل شفافیت کے ساتھ علاقوں کا انتخاب کیا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنی سرحدوں کے اندر مہاجرین کی حفاظت اور وقار کو یقینی بنانے کے لیے تعاون جاری رکھیں گے۔