راولپنڈی اسلام آباد کی 350 صنعتوں کے 3 لاکھ ورکرز کو مرحلہ وار تربیت دی جارہی ہے ، ڈائریکٹر ڈی ڈبلیو ای کا تقریب سے خطاب

بدھ 24 اپریل 2024 20:23

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2024ء) وزارت سمندر پار پاکستانیز و انسانی ترقی کے ذیلی ادارہ ڈائریکٹوریٹ آف ورکرز ایجوکیشن کے ڈائریکٹر رائے محمد اکبر نے کہا ہے کہ ہمارا ادارہ راولپنڈی اسلام آباد کی 350 صنعتوں کے 3 لاکھ ورکرز کو مرحلہ وار تربیت دے رہا ہے ،بیرون ممالک جانے والے پاکستانیوں کو فری آف کاسٹ جرمن ، عربی ، جاپانی اور کورین زبان کے سکھا رہے ہیں ، آن لائن لازمی تربیتی کورس پر کام جاری ہے ۔

وہ بدھ کو جی ایٹ اسلام آباد پارک میں ڈائریکٹوریٹ آف ورکرز ایجوکیشن (ڈی ڈبلیو ای) اور جاپانی ادارے کماٹو کے اشتراک سے زمین کو صاف کرنے اور سینٹر ی ورکرز کے ساتھ اظہار یکجہتی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ڈی بلیو ای کے ڈپٹی ڈائریکٹر ایجوکیشن و ٹریننگ حافظ عبدالسمیع اوردونوں اداروں کے ملازمین اور سی ڈی اے کے شعبہ سینی ٹیشن کے ورکرز تقریب میں شریک تھے ۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر ڈی ڈبلیو ای رائے محمد اکبر نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صفائی کرنے والے کارکن ہمارے معاشرے کے انتہائی اہم رکن ہیں جن کی بدولت ہمیں صاف ستھرا ماحول ملتا ہے اورہر شخص کی ذمہ داری ہے کہ صفائی ستھرائی کا خیال ر کھے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم بیرون ملک جانے والے اور بیرون ممالک میں موجود تارکین وطن کے لئے آن لائن لازمی تربیتی پروگرام تربیت دے رہے ہیں ،جلد اس پر عمل درآمد شروع کر دیں گے ۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ پانچ سالوں کےدوران ڈی ڈبلیو ای نے 40 ہزار ورکرز کو تربیت فراہم کی ہے اورگزشتہ سال سے اپریل 2024 تک ہم نے ٹیم ورک کے طور پر تربیتی عمل کو مزید تیز کیا ،اس مدت میں 15 ہزار ورکرز کو تربیت فراہم کی گئی ہے ۔ انہوں نے بتا یا کہ ہمارے ادارے کی ذمہ داریوں میں سے ایک ذمہ داری ٹریڈ یونین کے عہدیداران کو بھی تربیت فراہم کر نا ہے ،اس کا مقصد حکام اور ملازمین کے درمیان ایک بہتر ورکنگ ریلیشن قائم کر کے ملازمین کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ہے ۔

کماسو پاکستان سافٹ کی نمائندہ زینب کا کہنا تھا کہ ہم ڈی ڈبلیو ای کے شکر گذار ہیں جنہوں نے زمین کو صاف رکھنے اور سینی ٹیشن ورکرز کے ساتھ یکجہتی کے لئے یہ پروگرام منعقد کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم مستقبل میں بھی صحت ، صفائی اور ماحولیاتی تحفظ کے لئے ڈائریکٹوریٹ آف ورکرز ایجوکیشن کے ساتھ ملکر کام کرتے رہیں گے۔