مون سون سیزن کے پیشگی اقدامات کے تحت سیوریج لائنوں کی ڈی سلٹنگ بلا تعطل جاری رہے گی، قائمقام ایم ڈی واسا

بدھ 24 اپریل 2024 22:24

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2024ء) قائمقام منیجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے کہا ہے کہ مون سون سیزن کے پیشگی اقدامات کے تحت سیوریج لائنوں اور مین چینلز کی ڈی سلٹنگ اور صفائی مہم بلا تعطل جاری رہے گی جبکہ تمام متعلقہ ڈائریکٹوریٹس جاری کردہ شیڈول کے مطابق ڈی سلٹنگ جاری رکھیں اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوئی کوتاہی نہ برتی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت کی ہدایات پر واسا فیصل آباد سیوریج لائنوں اور مین چینلز کی ڈی سلٹنگ اور صفائی روزانہ کی بنیاد پر کررہا ہے تاکہ مون سون سیزن سے قبل لائنیں اور چینلز کی صفائی مکمل ہو سکے اور موسم برسات میں شہریوں کو نکاسی و فراہمی آب کی معیاری سروسز کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔ قائم مقام ایم ڈی نے واضح کیا کہ جاری کئے گئے ڈیوٹی روسٹر کے مطابق تمام افسران اور سٹاف اپنے پوائنٹس پر حاضری کو یقینی بنائیں کیونکہ ڈی سلٹنگ اور صفائی مہم کی سخت مانیٹرنگ کی جارہی ہے اور جو عملہ غیرحاضر پایا گیا اس کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ سیوریج شکایات کے ازالے کے لئے تمام مشینری مکمل طور پر آپریشنل ہونی چاہیے تاکہ بارش کی صورت میں نکاسی آب کو تیز رفتار طریقے اور مختصر وقت میں مکمل کیا جا سکے۔