فیصل آباد میں ڈینگی کیخلاف حفاظتی اقدامات میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر

بدھ 24 اپریل 2024 22:26

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2024ء) ضلع میں ڈینگی کے خلاف متعلقہ محکموں کے انسدادی و حفاظتی اقدامات میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور سرویلنس سرگرمیوں کے خاطر خواہ نتائج نہ دکھانے والے محکمے جوابدہ ہونگے۔یہ بات ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹرز کاشف رضا اعوان نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کے اجلاس میں انسداد ڈینگی اقدامات پر عملدرآمد کاجائزہ لیتے ہوئے کہی جس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر اسفندیار نے اینٹی ڈینگی ٹیموں کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔

اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عظمت عباس کے علاوہ ایجوکیشن،سوشل ویلفیئر، ماحولیات،سول ڈیفنس،لائیو سٹاک،انڈسٹریز،لوکل گورنمنٹ، لیبر،اوقاف، واسا،پی ایچ اے،پنجاب پولیس،ضلع کونسل،میونسپل کارپوریشن،میونسپل کمیٹیز اور دیگر محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرہیڈ کوارٹرزنے ہدایت کی کہ ڈینگی لاروا کی افزائش کے موافق مقامات کا بار بار سروے کریں اور ایسی جگہوں کو خشک اور صاف رکھنے کے لئے موثر اقدامات ہونے چاہیں۔

انہوں نے ٹائر شاپس،قبرستانوں،نرسریز کو بلا ناغہ چیک کرنے کی تاکید کی اور کہا کہ تمام محکموں کی اینٹی ڈینگی سرگرمیاں واضح نظر آنی چاہیں۔انہوں نے کہا کہ تحصیل ایمرجنسی رسپانس کمیٹیز کی میٹنگ میں متعلقہ محکمے اپنی حاضری کو یقینی بنائیں اور میٹنگ کی کارروائی رپورٹ سے ڈی سی آفس کو آگاہ رکھا جائے۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کے تعاون کے بغیر ڈینگی سے بچاؤ ممکن نہیں لہذا انہیں ڈینگی مچھر سے محفوظ رہنے کے لئے احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کا احساس دلانے کے لئے آگاہی پروگرامز کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے۔ا جلاس کے دوران محکموں نے انسداد ڈینگی کے سلسلے میں کارکردگی رپورٹ سے بھی آگاہ کیا۔

متعلقہ عنوان :