خیبر پختونخوا ہائوسنگ اتھارٹی کے منصوبے ہائی رائز رہائشی فلیٹس کے مالکان میں الاٹمنٹ لیٹر تقسیم

بدھ 24 اپریل 2024 20:05

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2024ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ہائوسنگ ڈاکٹر امجد علی نے بدھ کے روز حیات آ باد پشاور میں خیبر پختونخوا ہائوسنگ اتھارٹی کے منصوبے ہائی رائز رہائشی فلیٹس کے مالکان میں الاٹمنٹ لیٹر تقسیم کئے۔اس بڑے منصوبے پر2.7 بلین روپے لاگت آئی ہے اور یہ دور جدید کی تمام سہولیات سے آراستہ ہے جس میں کار پارکنگ ، مسجد اور دیگر سہولتیں بھی موجود ہیں ۔

الاٹمنٹ لیٹرز کی تقسیم کے حوالے سے منعقدہ پر وقار تقریب میںڈائریکٹر جنرل کے پی ایچ اے عمران وزیر، ڈپٹی ڈائریکٹرز یعقوب اور امان اللہ بھی موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی نے اس منصوبے کی تکمیل کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ صوبے کے عوام کو بہتر رہائشی سہولیا ت دینا وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اور ہماری صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

(جاری ہے)

اور اس حوالے سے کے پی ایچ اے نے متعدد منصوبوں پر کام شروع کر رکھا ہے ۔ انہوں نے مذکورہ فلیٹس کے منصوبے کی تکمیل میں درپیش مسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پہلے اس سکیم کے لئے قابضین سے اراضی واگزار کرائی گئی اورپھر 2013 میں قرہ اندازی کے ذریعے اس کی الاٹمنٹ بذریعہ اقساط شروع کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ2.7 بلین مالیت کا یہ ایک میگا پراجیکٹ تھا اور اسے مکمل کرنے میں درپیش مشکلات کے ساتھ کافی وقت بھی لگا لیکن آخر کار کے پی ہائو سنگ اتھارٹی کا عملہ اپنی بھر پورمحنت کی بدولت ہدف حاصل کرنے میں کامیاب ہوا جس پر محکمہ کے تمام افسران و عملہ مبارکباد اور داد کے مستحق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج الاٹمنٹ لیٹر وصول کرنے والے مالکنان کے لئے بھی خوشی کا دن ہے جنہوں نے حیات آباد میں جدیدرہاشی سہولت حاصل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے بہت سارے دیگرمنصوبے بھی شروع کیے ہوئے ہیں جن میں ہنگو ٹائون شپ ،کوہاٹ جرما، سوات ڈاگرام، ایبٹ آبادحویلیاں ٹاؤن شپ، ملازئی ٹاؤن شپ، جلو زئی ٹاؤن شپ، نوشہرہ ہاؤسنگ سکیم کے منصوبے شامل ہیں۔

معاون خصوصی نے کہا کہ یہ منصوبے بھی جلد پایا تکمیل تک پہنچ جائیں گے۔ انہوں نے الاٹیز سے کہا کہ جن کے ذمے اب تک قسطیں واجب الدا ہیں وہ رواں سال جون تک ان کی ادا ئیگی یقینی بنائیں۔ معاون خصوصی نے اس موقع پر یقین دلایا کہ فلیٹس مکینوں کی سہولیات کے لیے لیفٹ کا بھی انتظام کیا جائے گا ۔تقریب کے آخر میں معاون خصوصی نے تمام فلیٹ ا لائٹیز کو الاٹمنٹ کے لیٹر فراہم کیئے۔ جبکہ تقریب کے شرکاء نے بھی معاون خصوصی ڈاکٹر امجد علی کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔