تحریک انصاف کا کیسز ملٹری سے سول کورٹس میں منتقل کرنے کا مطالبہ

سویلینز کا ملٹری ٹرائل نہیں ہونا چاہئے، یہ قوم کے بچے ،پاکستان کی خدمت کا موقع دیا جائے دیوار سے نہ لگایا جائے، رئوف حسن، علی محمد خان کی پریس کانفرنس

بدھ 24 اپریل 2024 21:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2024ء) پی ٹی آئی نے کیسز ملٹری کورٹس سے سول کورٹس میں منتقل کرنے کا مطالبہ کردیا۔تفصیلات کے مطابق سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی رئوف حسن اور علی محمد خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مختلف کیسز میں ملٹری ٹرائلز میں صعوبتوں کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی کا بھائی تو کسی کا باپ زیرحراست ہے، گرفتار کارکنوں کے لواحقین ہمدردی کے مستحق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سویلینز کا ملٹری ٹرائل نہیں ہونا چاہئے، یہ قوم کے بچے ہیں، ان کو پاکستان کی خدمت کا موقع دیا جائے دیوار سے نہ لگایا جائے۔انہوں نے کہا کہ سویلینز کا سول کورٹ میں ٹرائل ہوگا تو ان کو اپنی بیگناہی ثابت کرنے کا موقع ملے گا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی مطالبہ کرتی ہے فوری طور پر یہ کیسز ملٹری کورٹس سے سول کورٹس منتقل کیے جائیں۔

(جاری ہے)

علی محمد خان نے کہا کہ دہشت گردوں سے کوئی تعلق ہے نہ کوئی ہمدردی ہے، گرفتار کارکنان کے لواحقین ہمدردی کے مستحق ہیں، یہ قوم کے بچے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان کو پاکستان کی خدمت کا موقع دیا جائے ان کو دیوار سے نہ لگائے، پی ٹی آئی نے کبھی پرتشدد مظاہروں کی بات نہیں کی۔پی ٹی آئی رہنماء نے کہا کہ اگر کہیں کوئی ایسے واقعات ہوئے تو ہم سب نے اس کی جوڈیشل انکوائری کا کہا، حقیقت تک پہنچا جائے کہ ایک سیاسی جماعت پر کیوں یہ ٹیگ لگایا گیا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے تو پڑھی لکھی کلاس کو سیاست میں لانے کی کوشش کی، ان فیملیز پر رحم کیا جائے اور سپریم کورٹ اس معاملے پر ایکشن لے۔