پنجاب کے شہریوں کو سستی روٹی کی فراہمی کا مشن جاری، وزیر خوراک پنجاب فیلڈ میں متحرک

بلال یاسین نے گوجرانوالہ کی مختلف مارکیٹس میں سرکاری قیمت پر روٹی نان کی دستیابی اور وزن کا جائزہ لیا ضلع گوجرانوالہ میں اب تک 305 تندوروں کو 7 لاکھ 25 ہزار روپے کا جرمانہ کیا جا چکا ہے

بدھ 24 اپریل 2024 22:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2024ء) پنجاب کے شہریوں کو سستی روٹی کی فراہمی کا مشن جاری ہے اور وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین اس ضمن میں فیلڈ میں متحرک ہیں۔ صوبائی وزیر نے بدھ کے روز گوجرانوالہ میں مختلف مارکیٹس کا دورہ کیا اور سرکاری قیمت پر روٹی نان کی دستیابی اور وزن کا جائزہ لیا۔ کمشنر گوجرانوالہ سید نوید حیدر شیرازی، آر پی او طیب حفیظ چیمہ، ڈپٹی کمشنر طارق عباس، سی پی او رانا ایاز سلیم اور محکمہ فوڈ کے متعلقہ افسران بھی وزیر خوراک کے ہمراہ تھے۔

وزیر خوراک نے کمشنر آفس میں گندم کی خریداری کے حوالے سے اہم اجلاس کی صدارت بھی کی۔ دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین کا کہنا تھا کہ گوجرانوالہ میں روٹی 15 روپے اور نان 20 روپے میں دستیاب ہے اور پنجاب بھر میں نوٹیفائیڈ قیمتوں پر روٹی اور نان کی فروخت یقینی بنا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

بلال یاسین نے کہا کہ کسی بھی علاقے میں مہنگی روٹی اور نان کی فروخت قابلِ قبول نہیں۔

انہوں نے کہا کہ قیمتوں میں کمی سے قبل متعلقہ محکموں نے مکمل ورکنگ کی اور کسی پر جبر نہیں کر رہے بلکہ حکومت کا مشن عام آدمی کو ریلیف دینا ہے۔ بلال یاسین نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار آٹے کے تھیلے پر یکمشت 500 روپے کمی کی گئی اور تازہ گندم کی دستیابی سے آٹے کی قیمت میں مذید کمی ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آٹے کی قیمت میں کمی کا فائدہ عوام تک پہنچا رہے ہیں۔

بلال یاسین نے کہا کہ صبح شام فیلڈ میں نکل رہے ہیں اور اللہ تعالی کے فضل سے پنجاب میں سستی روٹی اور نان دستیاب ہے۔ وزیر خوراک پنجاب نے کہا کہ بازاروں میں واضح طور پر پرائس لسٹ آویزاں کروا چکے ہیں تاکہ عوام آگاہ رہیں اور کوئی مہنگی روٹی نہ بیچ سکے۔ کمشنر آفس میں ہونے والے اجلاس میں وزیر خوراک نے گندم خریداری کے انتطامات کا جائزہ لیا اور کہا کہ کسانوں کو ریلیف فراہم کرنا پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ پنجاب بھر میں گندم خریداری کے انتظامات مکمل ہیں اور حکومتی پالیسی کے مطابق کسانوں سے 3900 روپے فی من کے نوٹیفائیڈ ریٹ پر گندم خریدی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آئیندہ آنے والی فصلوں میں زرعی مداخل پر لاگت کم کرنے کیلئے 130 ارب روپے کا کسان پیکج لا رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :