نیشنل ویمنز ون ڈے ٹورنامنٹ میں کراچی ، لاہور اور ملتان نے اپنے میچز میں کامیابی حاصل کرلی

بدھ 24 اپریل 2024 22:50

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2024ء) نیشنل ویمنز ون ڈے ٹورنامنٹ میں کراچی ، لاہور اور ملتان نے اپنے میچز میں کامیابی حاصل کرلی۔ تفصیلات کے مطابق اقبال اسٹیڈیم میں نیشنل ویمنز ون ڈے ٹورنامنٹ کے میچ میں کراچی نے راولپنڈی کو 36 رنز سے ہرادیا۔کراچی کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 190 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، حورینہ سجاد نے سات چوکوں کی مدد سے 76 رنز سکور کیے، عروب شاہ نے 44 رنز بنائے، حمنہ بلال نے 25 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں راولپنڈی کی ٹیم نو وکٹوں پر 154 رنز بنانے میں کامیاب ہوسکی، ماہم انیس نے 56 رنز سکور کیے، انوشے ناصر نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ حورینہ سجاد پلیئر آف دی میچ قرار پائیں۔جواد کلب گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں لاہور نے کوئٹہ کو 88 رنز سے ہرادیا، لاہور نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ پچاس اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے، کائنات حفیظ 58 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہیں، نورین یعقوب نے 31 رنز بنائے، عائشہ امجد نے44 رنز دے کر4 وکٹیں حاصل کیں۔

(جاری ہے)

جواب میں کوئٹہ کی ٹیم 111 رنز بنانے میں کامیاب ہوسکی ۔ نورین یعقوب نے 22 رنز دے کر3 وکٹیں حاصل کیں ، وہ اپنی آل راؤنڈ کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ قرار پائیں۔بوہڑانوالی گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں ملتان نے پشاور کو چار وکٹوں سے ہرادیا، پشاور کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 101 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، علینہ شاہ نے 50 رنز بنائے، نورالایمان نے پانچ وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں ملتان نے چھ وکٹوں پر مطلوبہ سکور پورا کرلیا، تسمیہ رباب نے26 رنز بنائے اور وہ ناٹ آؤٹ رہیں۔مومنہ ریاست نے تین وکٹیں حاصل کیں۔