ناموس مصطفیﷺ کیلئے کٹ مرنا سعادت ہے‘ متحدہ علما کونسل

پوری امت چھوٹے موٹے فروعی اختلافات ختم کر کے عقیدہ توحید و ختم نبوت کے لئے متحد ہو جائے

جمعرات 25 اپریل 2024 12:11

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2024ء) متحدہ علما کونسل پاکستان کے مرکزی صدر مولانا زاہد الراشدی،سیکرٹری جنرل سردار محمد خان لغاری ،مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا ڈاکٹر ملک محمد سلیم،ڈاکٹر فرید احمد پراچہ ،مولانا محمد راغب حسین نعیمی ،مولاناعبدالغفار روپڑی و دیگر نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ناموس مصطفیﷺ کیلئے کٹ مرنا سعادت ہے، و طن پاکستان میں ہر ایسے گروہ کا تعاقب جاری رکھیں گے جو اسلام میں نقب لگانے کی کوشش کرے گا، پوری امت چھوٹے موٹے فروعی اختلافات ختم کر کے عقیدہ توحید و ختم نبوت کے لئے متحد ہو جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ صحابہؓ جانثاران مصطفیؐ ہیں انکی زندگی امت کیلئے مشعل راہ ہے، امت مسلمہ کی بقا صرف اتحاد میں ہے صحابہ کرامؓ ہی اسلام کے اولین داعی مبلغ مجاہد فاتح اور محافظ تھے ، صحابہ کرام ؓنے اطاعت ر سو ل صلی اللہ علیہ وسلم کی بے مثال تاریخ رقم کی، صحابہ کرام ؓنے جان و مال کی قربانیاں دے کر اللہ تعالی اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی رضا و خوشنودی حاصل کی۔ انہو ں نے کہاکہ صحابہ کرام ؓنے راہ خدا میں سب کچھ لٹا دیا آج بھی صحابہ کرامؓ کی زندگیوں میں امت کے لئے سیاست سماج سمیت زندگی کے ہر پہلو کے لئے رہنمائی موجود ہے۔

متعلقہ عنوان :