وزارت مذہبی امور کے زیراہتمام فیصل آباد کے2160 مرد وخواتین عازمین حج کیلئے تربیتی اجلاس کا انعقاد،تمام اہم معلومات بارے آگاہی فراہم کی گئی

جمعرات 25 اپریل 2024 15:41

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2024ء) فریضہ حج کی سعادت حاصل کرنے کیلئے حجاز مقدس روانہ ہونیوالے فرزندان اسلام کی رہنمائی اور انہیں ضروری و مناسب تربیت کی فراہمی کیلئے فیصل آباد سٹی سے 1100 جبکہ فیصل آباد صدرکے علاقوں چک جھمرہ،سمندری، تاندلیانولہ، جڑانوالہ،چنیوٹ،لالیاں اور بھوانہ سے 1060 عازمین حج کیلئے وزارت مذہبی امور کے زیراہتمام حج 2024تربیتی اجلاسوں کا انعقاد شروع ہو گیاہے۔

اس ضمن میں جمعرات کے روزجامعہ زرعیہ فیصل آباد کے اقبال آڈیٹوریم میں 2160 عازمین حج کی تربیت اور رہنمائی کیلئے تربیتی اجلاس منعقد کیا گیا جس میں وزارت مذہبی امور کے آفیسر رانا محمد مجاہد نے فریضہ حج کی ادائیگی کے حوالے سے انتظامی امور بیان کئے جبکہ مفتی محمد احمدنے کہاکہ مذکورہ نشست کے انعقاد کا مقصد فیصل آباد اور اس سے ملحقہ علاقوں کے عازمین حج کو مناسک حج کے بارے تفصیلات فراہم کرنا اور تربیت دینا ہے تا کہ عازمین حج حجاز مقدس میں دوران حج تمام مناسک بطریق احسن ادا کر سکیں اور حج کے عظیم فریضہ کی ادائیگی کی درستگی یقینی بنانے سمیت انہیں اس مقدس سفر میں کوئی دشواری پیش نہ آئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزارت مذہبی امور نے حج کی تربیت لازمی قرار دی ہے تاکہ فرزندان اسلام اس عظیم رکن دین کی ادائیگی کا بھرپور ثواب حاصل کر سکیں۔مفتی محمد احمد نے اے پی پی سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ فیصل آباد میں مذکورہ نشست میں 2160 خواتین و حضرات کو 2سیشنزمیں تربیت دی گئی۔انہوں نے بتایا کہ دیگر شہروں کے عازمین اپنے اپنے متعلقہ اضلاع میں تربیت لے رہے ہیں۔

عازمین حج کیلئے فیصل آبادمیں منعقدہ مذکورہ پہلے تربیتی اجلاس میں وزارت مذہبی امورنے سفر حج کے حوالے سے اہم امور پر تفصیلی روشنی ڈالی جبکہ دارالحجاج لاہور کے سٹافر محمد آصف نور الحق نے پروجیکٹر کے ذریعے وضاحت کی۔ تربیتی اجلاس میں مفتی محمداحمد نے عازمین حج کو حج کی فضیلت،عمرہ وحج کے مناسک،احرام باندھنے کے طریقے سمیت دیگر شرعی معلومات سے تفصیلی آگاہی فراہم کی بلکہ عازمین حج کو بہترین انداز، جدیدٹیکنالوجی اور تھری ڈی پریزنٹیشن کے ذریعے تمام مناسک کی ادائیگی بارے تفصیلات سے آگاہ کیا اور کعبہ کے ماڈل کے ذریعے طواف کے طریقہ کاربارے بھی رہنمائی فراہم کی۔

اس موقع پر عازمین حج نے بڑے انہماک سے تربیتی سیشن میں حصہ لیا اور اسے انتہائی مفید قرار دیا۔اس دوران وزارت مذہبی امور کی جانب سے تمام عازمین حج کی مشروبات اور ریفریشمنٹ سے تواضع بھی کی گئی۔اجلاس کے آخر میں خواتین عازمین حج کیلئے خصوصی پروگرام کا اہتمام کیا گیا جس میں ماسٹر ٹرینرزنے خواتین کو تربیت فراہم کی۔وزارت مذہبی امور کی جانب سے فیصل آباد کے ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے سکاؤٹس،ڈسٹرکٹ سکاؤٹس سیکرٹری،سول ڈیفنس،ریسکیو1122 اور پولیس کا تربیتی اجلاس کے انعقاد میں بھرپور تعاون پر خصوصی شکریہ ادا کیاگیا۔