رومینہ خورشید عالم سے ایشیائی ترقیاتی بینک کے مشن کی موسمیاتی تبدیلی کے ماہر ناتھن اے ریو کی قیادت میں ملاقات

جمعرات 25 اپریل 2024 17:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2024ء) وزیر اعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ رومینہ خورشید عالم سے ایشیائی ترقیاتی بینک کے مشن نے موسمیاتی تبدیلی کے ماہر ناتھن اے ریو کی قیادت میں ملاقات کی۔ دونوں فریقوں نے وزارت کے موسمیاتی فنانس ونگ کو مضبوط بنانے اور اس کے لیے وسائل کو ترتیب دینے پر تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک موسمیاتی فنانسنگ ماہرین کو تکنیکی مدد اور تربیت فراہم کرے گا۔ تکنیکی نقطہ نظر سے موسمیاتی بحران کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک، عالمی بینک اور ایف سی ڈی او کے قریبی تعاون اور مشترکہ اجلاس کو یقینی بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

رومینہ خورشید عالم نے ایشیائی ممالک کے کنسورشیم کے قیام اور ایک ڈیش بورڈ کے قیام کے لیے اپنے سنجیدہ ارادے کا اظہار بھی کیا جہاں تمام علاقائی ممالک کے لیے موسمیاتی مسائل سے متعلق ڈیٹا تک رسائی حاصل ہو گی۔

ایشیائی ترقیاتی بینک نے موسمیاتی آفات کے خلاف لڑنے کے لیے وزیراعظم کی کوآرڈینیٹر کے وژن اور دلچسپی کو سراہتے ہوئے مزید کہا کہ وہ ان کی متحرک قیادت اور سنجیدہ عزم کے تحت تمام اہداف حاصل کرنے کے لیے بہت پراعتماد ہیں۔ رومینہ خورشید عالم نے ایشیائی ترقیاتی بینک کے مشن کے لیے وزارت کی جانب سے ہر طرح سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ اس سلسلہ میں بیوروکریسی کی کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔