برطانوی وفد کا نسٹ کا دورہ، تعلیم و تدریس کے شعبوں میں باہمی تعاون پر اتفاق

جمعرات 25 اپریل 2024 17:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2024ء) برطانیہ اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ اعلیٰ تعلیمی تعلقات میں ایک اہم سنگ میل کے طور پر ایک اعلیٰ اختیاراتی برطانوی وفد اس وقت پاکستان کے سرکاری دورے پر ہے۔ برٹش کونسل اور ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) پاکستان کے سینئر حکام کے ہمراہ وفد نے نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کا دورہ کیا۔

وفد کی قیادت سر سٹیو سمتھ کر رہے ہیں جبکہ دیگر اراکین میں برطانوی حکومت اور تعلیمی اداروں کی نامور شخصیات شامل ہیں جو تعلیمی تعاون اور تحقیقی شراکت کے مواقع تلاش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔نسٹ کے ریکٹر انجینئر جاوید محمود بخاری نے یونیورسٹی پہنچنے پر مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور نسٹ کی قومی اور عالمی سطح کی کامیابیوں، تحقیق و ترقی کے لئے کئے جانے والے اقدامات، تحقیق و اختراع کاری، کاروبار اور تجارت کاری کے لئے ایک مضبوط ماحولیاتی نظام کے ذریعے ایک پائیدار علمی معیشت کی تعمیر کی کوششوں کا جائزہ پیش کیا۔

(جاری ہے)

ریکٹر نسٹ نے اس بات پر زور دیا کہ یہ دورہ نہ صرف دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی تعلقات کو مضبوط کرنے کی طرف پیشرفت ہے بلکہ بین الثقافتی افہام و تفہیم کو فروغ دینے اور عالمی رہنماؤں کی اگلی نسل کی پرورش کے لیے مشترکہ عزم کو بھی تقویت دیتا ہے۔ایچ ای سی پاکستان اور برٹش کونسل (بی سی) کے تعاون سے برطانیہ کے وفد کا دورہ 2018 میں شروع کیے گئے فلیگ شپ اقدام "پاکستان یو کے ایجوکیشن گیٹ وے" کے مقاصد حاصل کرنے میں مددگار ثابت ہوگا جس کا مقصد پاکستان کے اعلیٰ تعلیم کے شعبوں کے درمیان شراکت داری کو بڑھانا ہے۔

یو کے ایک منظم پروگرام کے تحت حکومت پاکستان اور برٹش کونسل کی طرف سے مشترکہ طور پر فنڈز فراہم کرتا ہے۔ اس اقدام کے تحت تعاون کے لئے کلیدی شعبے مخصوص ہیں جن میں بین الاقوامی تعلیم، اختراعی اور تعاون پر مبنی تحقیق، اعلیٰ تعلیمی قیادت، معیار کی یقین دہانی اور معیاری ترتیب، فاصلاتی تعلیم اور بین الاقوامی نقل و حرکت شامل ہیں۔