کاہنہ میں غیر قانونی ٹائر جلانے والی فیکٹریوں سے اٹھنے والا گندا دھواں شہریوں کیلئے عذاب بن گیا

دھواں کے باعث شہری سانس کی بیماریوں کا شکار ہو رہے ، سماجی رہنمائوں کا ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ

جمعرات 25 اپریل 2024 18:22

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2024ء) کاہنہ میں غیر قانونی ٹائر جلانے والی فیکٹریوں سے اٹھنے والا گندا دھواں شہریوں کے لئے عذاب بن گیا،دھواں کے باعث شہری سانس کی بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں۔شہریوں نے احتجاج کرتے ہوئے کمشنر لاہور ڈویژن اور آئی جی پنجاب پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ غیر قانونی فیکٹریوں کے خلاف آپریشن کر کے انہیں بند کرنے کے احکامات جاری کئے جائیں اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

بچے بوڑھے نوجوان گلے کی بیماریوں کا شکار رہنے لگے ہیں اور محکمہ ماحولیات کی خاموشی پر سوالیہ نشان اٹھنے لگے ۔ شہریوں نے الزام عائد کیا ہے کہ ان علاقوں میں ایک عرصہ سے کالا دھندے میں ملوث افراد نے شہریوں کو پریشان کر رکھا ہے اگر کوئی شخص ان کے خلاف شکایت کرتے ہے تو اسے ہراساں کیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

شہری حلقوں نے بتایا کہ گندے دھواں کے باعث لوگوں کو متعدد موذی بیماریوںکا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔

محکمہ ماحولیات کو متعدد دفعہ شکایات درج کروائیں لیکن کوئی جواب نہیں آتا ان کی خاموشی پر سوالیہ نشان اٹھنے لگے ۔سماجی رہنما سید دانش بخاری اور سید ساجد حسین بخاری نے ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کر لیا ۔ان کا کہنا تھا کہ محکمے کو متعدد بار ہم نے ویک اپ کال دی لیکن محکمہ ٹس سے مس نہیں ہو رہا اس لیے ہمیں اب ہائی کورٹ رجوع کرنا پڑے گا ،نہیں تو یہ دھواں ہمارے بچوں کی زندگیاں برباد کر دے گا۔ڈائریکٹر محکمہ ماحولیات علی اعجاز نے موقف اختیار کیا کہ سخت کاروائی کی جائے گی ۔