ملتان: چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے زیر اہتمام بچوں کے تحفظ کے لیے آگاہی واک کا انعقاد

جمعرات 25 اپریل 2024 18:54

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2024ء) چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کی جانب سے بچوں کے تحفظ کے حوالے سے آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا ۔ بچوں کے تحفظ اور چائلڈ ہیلپ لائن 1121 کی پروموشن کے حوالے سے آگاہی واک کا انعقاد ملتان کے مضافاتی علاقے قادر پور راں میں کیا گیا ۔آگاہی واک میں چائلڈ پروٹیکشن بیورو، پنجاب پولیس، سول سوسائٹی، سکول طلبا اور عام شہریوں نے شرکت کی۔

آگاہی واک کی قیادت ڈسٹرکٹ انچارج چائلڈ پروٹیکشن بیورو شفاعت ظفر اور ایس پی گلگشت ڈاکٹر ایاز نے کی۔آگاہی واک سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ انچارج چائلڈ پروٹیکشن بیورو شفاعت ظفر نے کہاکہ جو قوم اپنے بچوں کی حفاظت نہیں کر سکتی وہ کامیاب نہیں ہو سکتی۔ چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو پنجاب سارہ احمد کی ہدایات اور ان کے وژن کے مطابق بچوں کا تحفظ بیورو کی اولین ترجیح ہے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایس پی گلگشت ڈاکٹر ایازنے کہا کہ بچوں کے جنسی استحصال کی روک تھام اور بدسلوکی سے بچائو کےلئے مل کر کام کرنا ہوگا ،بچوں کے تحفظ اور جنسی استحصال کی روک تھام کے حوالے سے پنجاب پولیس اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ آگاہی واک کے ذریعے لوگوں میں بچوں کے استحصال کی روک تھام اور چائلڈ پروٹیکشن کا شعور پیدا کرنا ہے ،بچے اس قوم کا مستقبل ہیں اور انہیں کسی بھی قسم کے استحصال اور زیادتی سے بچانا چاہیے ،استحصال اور بدسلوکی بچوں کے ذہنوں پر ایک صدمہ چھوڑتی ہے جس سے بچوں کے اعتماد اور شخصیت کو نقصان پہنچتا ہے ۔

آگاہی واک کے دوران بچوں کے تحفظ بچوں کے استحصال کی روک تھام کے حوالے سے نعرے بھی لگائے گئے اور بچوں کے تحفظ اور بچوں کے استحصال کی روک تھام کے حوالے سے آگاہی پمفلٹس بھی تقسیم کئے گئے۔