Live Updates

”ستھرا پنجاب“ پروگرام کے اہداف کے حصول کیلئے پوری توجہ سے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جارہے ہیں،ڈپٹی کمشنر

جمعرات 25 اپریل 2024 22:22

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2024ء) ڈپٹی کمشنرکیپٹن(ر) شعیب علی نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہر تحصیل میں پانچ پانچ دیہاتوں کا فوری دورہ کرکے صاف ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت انجام دی جانے والی سرگرمیوں کا تفصیل سے جائزہ لے کر رپورٹ ان کے دفتر میں بھجوانے کی ہدایت کی ہے۔ اُنہوں نے واضح کیا کہ وہ خود بھی اچانک کسی دیہات کا دورہ کریں گے اور صاف ستھرا پنجاب کے نامکمل اہداف کی صورت میں ذُمہ داران کے ساتھ کوئی رعایت نہیں کی جائے گی۔

وہ ڈی سی آفس کانفرنس روم میں صاف ستھرا پنجاب کے بارے میں ایک اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) اور ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ بابرشہزادرانجھاء کے علاؤہ تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنروں سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ہر دیہات میں صفائی ستھرائی کو یقینی بنایا جائے، گلی اور گھر کے باہر نمبرز آویزاں ہونے چاہیں۔

انہوں نے ریونیو ریکوری کو سو فیصد یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے خصوصی احکامات پر جاری ”ستھرا پنجاب“ پروگرام کے اہداف کے حصول کیلئے پوری توجہ سے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جارہے ہیں۔ میونسپل کارپوریشن اور ضلع کونسل سمیت دیگر محکمے کمربستہ اور گلی محلوں وشاہرات کی صفائی،کوڑا کے ڈھیروں کا صفایا،تجاوزات کا خاتمہ،سٹریٹ لائٹس فنکشنل،پارکوں کی تزئین وبحالی اور سیوریج سسٹم کی بہتری اور مین چینلز کی ڈی سلٹنگ کا کام زوروشور سے جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہری بھی انتظامیہ سے تعاون کریں اور صاف ستھرا ماحول قائم رکھیں تاکہ ستھراپنجاب پروگرام کے اثرات واضح نظر آئیں۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات