وزیرتعلیم کی ہدایت پرحساس امتحانی سنٹرز میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب

جمعرات 25 اپریل 2024 22:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 اپریل2024ء) وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی ہدایت پر انٹرمیڈیٹ امتحانات کے سلسلے میں قائم امتحانی مراکز میں کیمرے لگا دئیے گئے۔ وزیر تعلیم نے کہا ہے کہ لاہور سمیت دیگر اضلاع کے 823 امتحانی مراکز کو حساس قرار دیتے ہوئے کیمرے انسٹال کئے گئے ہیں۔ رانا سکندر حیات نے کہا کہ صوبے بھر میں انٹرمیڈیٹ امتحانات کیلئے 2395 امتحانی سنٹر قائم کئے گئے ہیں، جن میں سے پہلے مرحلے میں حساس امتحانی سنٹرز کا انتخاب کرتے ہوئے کیمرے انسٹال کئے گئے ہیں۔

وزیر تعلیم نے کہا ہے کہ امتحانی مراکز میں کیمروں کی تنصیب سے امتحانات کی شفافیت برقرار رکھنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے امتحانی سنٹرز کے کنٹرول روم کو فعال رکھنے میں کوئی کوتاہی نہ برتنے اور مانیٹرنگ یونٹ سے تمام سنٹرز کی مسلسل نگرانی کی ہدایت بھی کی ہے۔

(جاری ہے)

رانا سکندر حیات نے کہا کہ مانیٹرنگ کیلئے 2 مقامات پر کنٹرول روم قائم کئے گئے ہیں جہاں ڈسٹرکٹ وائز مانیٹرنگ کی سہولت موجود ہے۔

ون کلک پر کسی بھی ڈسٹرکٹ کے امتحانی سنٹر کو مانیٹر کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے دیگر امتحانی سنٹرز میں بھی جلد از جلد کیمروں کی تنصیب کا مرحلہ مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جلد پنجاب بھر کے امتحانی مراکز کیمرے نصب کر دئیے جائیں گے۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ امتحانی نظام کو مزید شفاف بنانے کیلئے آرٹیفیشل انٹیلیجنس کا سہارا بھی لیا جائے گا جبکہ فیس ریکوگنیشن سسٹم کی فعالیت بھی یقینی بنائی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ سال سے فرق واضح دکھائی دے گا۔ دریں اثناء اساتذہ کی پنچائیت اور تدریسی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ میرا وزارت کا بیڑہ اٹھانے کا مقصد اساتذہ کے ساتھ ماضی میں کی جانے والی ہر زیادتی کا خاتمہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین اساتذہ کو دوران ملازمت تحفظ فراہم کرنے کیلئے تمام تر اقدامات بروئے کار لا رہے ہیں۔

رانا سکندر حیات نے اساتذہ کو آؤٹ آف سکول بچوں کی انرولمنٹ کیلئے ذاتی کاوشیں کرنے کی تاکید کرتے ہوئے تعلیمی اداروں کی مانیٹرنگ کیلئے جامع پالیسی لانے کا عندیہ دیا اور مزید کہا کہ جن سکولوں میں سہولیات دستیاب نہیں وہاں کے حوالے سے اساتذہ ذاتی طور پر آگاہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ اچھے تعلیمی عہدوں پر آنے کے خواہشمندوں کو نہ صرف کوالیفیکیشن ٹیسٹ دینا ہوگا بلکہ ٹریننگ کے مرحلے سے گزارنے کے ساتھ ساتھ ان کی آئی ٹی سکلز بھی جانچی جائیں گی۔ اس موقع پر وزیر تعلیم نے جن سکولوں میں تاحال کتب نہیں پہنچ سکیں وہاں کے حوالے سے انکوائری کرنے کا بھی عندیہ دیا۔