ایس ای سی پی نے جنرل تکافل اکاؤنٹنگ ریگولیشنز 2019 میں ترامیم تجویز کر دیں

جمعرات 25 اپریل 2024 22:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 اپریل2024ء) سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے جنرل تکافل اکاؤنٹنگ ریگولیشنز، 2019 میں ترامیم تجویز کر تے ہوئے، نان لائف بیمہ کنندگان کو کمپنی کے تکافل آپریشن سے حاصل ہونے والے ریونیو کو بھی مکمل طور پر کمپنی کے سالانہ مالیاتی گوشواروں میں شامل کرنے کی تجویز دی ہے۔ اس سلسلے میں ایس ای سی پی کا نوٹیفیکیشن نمبر 569(I)/2024 شراکت داروں اور عوامی رائے عامہ کے لئے کمیشن کی ویب سائٹ پر فراہم کر دیا گیا ہے۔

موجودہ ریگولیشنز کے مطابق جنرل بیمہ کمپنیاں ، تکافل آپریشنز سے حاصل ہونے والی آمدنی کی مکمل تفصیل سالانہ مالی گوشواروں میں شامل نہیں کر سکتی۔ مجوزہ ترمیم سے نان لائف بیمہ کمپنیوں کو سہولت حاصل ہو جائے گی کہ وہ اپنے تکافل آپریشنز کے حجم سے قطع نظر، اپنے تکافل کے مکمل نتائج کو اپنے مالی گوشواروں میں شامل کر سکیں گے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں تکافل کے نتائج کی رپوٹنگ کے لئے گائیڈ لائنز بھی تجویز کی گئیں ہیں۔ دلچسپی رکھنے والے فریق اور اسٹیک ہولڈر اپنی آرائ و تجاویز، نوٹیفیکیشن کے اجرائ کے تیس دن کے اندر اندر ایس ای سی پی کے ڈائریکٹر انشورنس ڈویڑن کو بھیج سکتے ہیں۔ ایس آر او کی تاریخ کے تیس دنوں کے اندر موصول ہونے والی تجاویز پر غور کیا جائے گا۔