قومی اسمبلی میں گندم کی خریداری اوراس سے منسلک دیگرمسائل پراراکین کا اظہارخیال

جمعرات 25 اپریل 2024 22:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2024ء) قومی اسمبلی کے اجلاس میں جمعرات کو بھی گندم کی خریداری اور اس سے منسلک دیگر مسائل پر اراکین نے اظہارخیال کیا۔ پی پی پی کی رکن شازیہ مری نے نکتہ اعتراض پرکہاکہ گندم کی خریداری کے بارے میں کل بھی ایوان میں بات چیت ہوئی تھی اور ہمیں امید تھی کہ اسمبلی سے کوئی ہدایات جاری ہوں گی۔

انہوں نے کہاکہ سندھ حکومت صرف 15 فیصد گندم خرید سکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے گندم کی درآمد کے حوالے سے اعداد و شمار سے آگاہ کرنے کا مطالبہ کیا ۔ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ جب تک متعلقہ قائمہ کمیٹی نہیں بنتی اس وقت تک ہم ایک کمیٹی بناتے ہیں اور اس بارے میں ہم سپیکر سے رابطہ کریں گے۔ سید خورشید شاہ نے کہا کہ ہمیں ڈپٹی سپیکر پر اعتماد ہے مگر یہ معاملہ تاخیر کا نہیں ہے اس معاملے کو جتنا جلد حل کیا جا سکے کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ مارچ میں لوئر سندھ میں فصل کی کٹائی ہوتی ہے اس وقت گندم کی درآمد کی اجازت نہیں ملنی چاہیے تھی۔