وفاقی وزیر بحری امور قیصر احمد شیخ سے پاکستان میں ڈنمارک کے سفیر کی سربراہی میں وفد کی ملاقات

جمعرات 25 اپریل 2024 22:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2024ء) وفاقی وزیر بحری امور قیصر احمد شیخ سے پاکستان میں ڈنمارک کے سفیر جیکوب لیونلف کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی۔ اس موقع پر اے پی ایم ٹرمینلز کے سی ای او کیٹ سیونڈسن بھی موجود تھے۔ اے پی ایم نے پاکستان میں بندرگاہوں میں سرمایہ کاری کا جائزہ لیا۔ ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ غیرملکی سرمایہ کاروں کی پاکستانی بندرگاہوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی خوش آئند ہے۔

دنیا کی معروف اے پی مولر میرسک پاکستان کی بندرگاہوں میں سرمایہ کاری کے ذریعے روزگار کے مواقع بڑھائے گی۔ انھوں نے کہا کہ نئی منتخب حکومت پر غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتما د بڑھنے لگا ہے، ایس آئی ایف سی کی سہولت کار ی سے پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاروں کی توجہ کا مرکز بن گیا، نئی منتخب حکومت سرمایہ کاروں کو بھرپور سہولیات دے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سرمایہ کاری سے متعلق پالیسیاں دوستانہ ہیں، نئی منتخب حکومت کا بلیو اکانومی سے متعلق وژن کلیئر ہے، معاشی استحکام کے لئے بلیو اکانومی کا فروغ دور حاضر کی ضرورت ہے۔ سیکرٹری ایپکس کمیٹی ایس آئی ایف سی ڈاکٹر جہانزیب نے کہا کہ ایس آئی ایف سی سرمایہ کاروں کو بروقت اورموثر سہولیات فراہم کر رہی ہے، بجٹ میں سرمایہ کاروں کے لئے مزید سہولیات دی جائیں گی، ایس آئی ایف سی سرمایہ کاروں کو جدید ترین ون ونڈو سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ ڈنمارک کے سفیر جیکب لیونلف نے کہا کہ ڈنمارک پاکستان میں ماحول دوست سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتا ہے، پاکستان میں بندرگاہوں کو ماحولیات آلودگی سے بچانے میں معاونت فراہم کریں گے۔