پچاسویں سی ٹی پی میں شامل زیر تربیت اے ایس پیز کی ٹریننگ کے مراحل جاری

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے زیر تربیت افسران کوآپریشنل سٹریٹیجی، جدید پولیسنگ کے چیلنجز بارے آگاہی دی سپیشل برانچ ہیڈ کوارٹرز رابرٹس کلب کا دورہ کیا ، اایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن پنجاب محمد ادریس نے بھی لیکچر دیا

جمعرات 25 اپریل 2024 19:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2024ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس جدید ٹیکنالوجی اور دستیاب وسائل کے موثر استعمال سے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور جرائم کے قلع قمع کیلئے شب و روز مصروف عمل ہے ، آپریشنز، انویسٹی گیشن ، ٹریفک ،سی ٹی ڈی ،سپیشل برانچ ، پی ایچ پی ، ایس پی یو ، ایلیٹ سمیت دیگر فارمیشنز میں تعینات افسران و جوان صوبہ بھر میں اپنے فرائض عمدگی سے ادا کرکے امن وا مان کی فضا برقرار رکھے ہوئے ہیں ۔

آئی جی پنجاب نے کہاکہ فورس کی استعداد کار میں اضافے کیلئے ماڈرن لائنز پر ٹریننگ پروگرام جاری ہیں اور خواتین افسران واہلکاروں کو پولیس فورس میں ترقی اور کیرئیر گروتھ کے یکساں مواقع دئیے جارہے ہیں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار آئی جی پنجاب نے سنٹرل پولیس آفس کی درسگاہ میں پچاسویں سی ٹی پی میں شامل زیر تربیت اے ایس پیز کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

تفصیلات کے مطابق پچاسویں سی ٹی پی میں شامل زیر تربیت اے ایس پیز کی پنجاب پولیس کے ساتھ ٹریننگ کے مراحل جاری ہیں جس کے تسلسل میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے زیر تربیت افسران کوآپریشنل سٹریٹیجی، جدید پولیسنگ کے چیلنجز بارے آگاہی دی،بعد ازاں زیر تربیت اے ایس پیز کا سپیشل برانچ ہیڈ کوارٹرز رابرٹس کلب کا دورہ کروایا گیا، ایڈیشنل آئی جی ذوالفقار حمید نے نوجوان پولیس افسران کو سپیشل برانچ کے اغراض و مقاصد، پیشہ وارانہ امور بارے بریفنگ دی ۔

ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ ذوالفقار حمید نے کہاکہ سپیشل برانچ پنجاب پولیس کی انتہائی اہم فیلڈ فارمیشن ہے جوفیلڈ میں آنکھ اور کان کی حیثیت رکھتی ہے، سپیشل برانچ امن و امان کے قیام، منظم جرائم، ذخیرہ اندوری شرپسندی، فرقہ واریت کے خاتمے کے لئے فرائض ادا کر رہی ہے، نوجوان پولیس افسران کو سپیشل برانچ ہیڈکوارٹرز کے مختلف حصوں اور ورکنگ سٹرکچر بارے آگاہی دی گئی،سپیشل برانچ دورے کے بعد ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن پنجاب محمد ادریس نے سنٹرل پولیس آفس میں نوجوان افسران کو لیکچر دیا،ایڈیشنل آئی جی محمد ادریس نے انویسٹی گیشن برانچ کے ورکنگ سٹرکچر، دستیاب وسائل اور چیلنجز بارے آگاہی دی، ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن پنجاب محمد ادریس نے کہاکہ انویسٹی گیشن برانچ مقدمات کو تیزی سے ورک آؤٹ کرتے ہوئے مجرمان کی سرکوبی میں مصروف ہیںبالخصوص سنگین جرائم میں ملوث اشتہاری مجرمان کی گرفتاری میں تیزی، پراسیکویشن کے ساتھ موثر کوارڈینیشن سے کنوکشن ریٹ کو بہتر سے بہتر بنایا جارہا ہے۔