آر پی او ملاکنڈ کا لوئر دیر کا ایک روزہ دورہ ،سرکل وائز جرائم،زیر تفتیش مقدمات ،مجموعی امن و امان کا جائزہ لیا گیا

عوام کی جان و مال کی حفاظت اولین زمہ داری ،کوتاہی برداشت نہیں کی ائے گی،سماج دشمن عناصر کیخلاف گھیرا تنگ کیا جائے،محمد علی خان

جمعرات 25 اپریل 2024 19:25

سوات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2024ء) ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ ڈویژن محمد علی خان نے لوئر دیر کا ایک روزہ دورہ کیااور سرکل وائز جرائم،زیر تفتیش مقدمات اور مجموعی امن و امان کا جائزہ لیا گیا۔اس سلسلے میں ڈی پی او آفس لوئر دیر میں ریجنل پولیس افیسر ملاکنڈ رینج محمد علی خان کی صدارت میں ایک اعلی سطح اجلاس منعقد ہوا جس میں ایکٹنگ ڈی پی او لوئر دیر رشید خان،ڈی پی او اپر دیر وقار خان سمیت جملہ سرکل ڈی ایس پیز لوئر دیر موجود تھے، اس موقع پر لوئر دیر پولیس کی سرکلز وائز جملہ کارکردگی،امن و امان،زیر تفتیش مقدمات،کرایم بالمقابل کا تقابلی جائزہ لیا گیا ،اس موقع پر آر پی او ملاکنڈ رینج محمد علی خان نے پولیس افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی جان و مال کی حفاظت و تحفظ محکمہ پولیس کی اولین زمہ داری ہے جس میں کسی قسم کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی،انہوں نے پولیس افسران کو تاکید کی کہ حساس مقامات اور فارنرز کی تحفظ،مجرمان اشتہاری کی گرفتاری،منشیات فروشوں کے خلاف بلا امتیاز کریک ڈاؤن اور روزانہ کی بنیاد پر سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کرکے سماج دشمن عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کریں۔

(جاری ہے)

قبل ازیں خورشید خان شہید پولیس لائن تیمرگرہ آمد پر آر پی او ملاکنڈ رینج کو لوئر دیر پولیس کی چاق وچوبند دستے نے سلامی پیش کی۔بعد ازاں آر پی او نے کوٹو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ،زیر تعمیر پولیس لائنز اور یونیورسٹی آف ملاکنڈ چکدرہ کا وزٹ کیا جہاں سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا ۔