آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کوالیفائر ، سری لنکا اور آئرلینڈ نے اپنے میچز جیت لئے

جمعرات 25 اپریل 2024 19:30

ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2024ء) آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کوالیفائر میں سری لنکا اور آئرلینڈ کی خواتین ٹیموں نے اپنے میچوں میں کامیابی حاصل کرلی، سری لنکا نے تھائی لینڈ کو 67 رنز سے اور آئرلینڈ نے یو اے ای کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر کوالیفائر کا فاتحہ آغاز کیا۔ جمعرات کو ٹولیرنس اوول ابوظہبی میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کوالیفائر گروپ اے کے پہلے میچ میں سری لنکا ویمنز ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 122 رنز بنائے، نیلاکشیکا سلوا اور حسینی پریرا نے 29,29 رنز کی اننگز کھیلی، تھائی لینڈ کی طرف سے چنیدا، اونیچا، سنیدا اور سلیپورن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

تھائی لینڈ کی ٹیم سری لنکا کے 123 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 16.2 اوورز میں 55 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی، ناناپت کونچرونکائی نے 18 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ دیگر کوئی بیٹر ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکی۔

(جاری ہے)

سری لنکا کی انوشی پریادرشنی نے 14 رنز دے کر 3 اور ادشیکا نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ انوشی کو شاندار بائولنگ پرفارمنس پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

ابوظہبی میں کھیلے گئے گروپ بی کے میچ میں آئرلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم نے یواے ای کا 106 رنز کا آسان ہدف 17ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، یو اے ای نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 کھلاڑی آئوٹ پر 105 رنز بنائے، خوشی شرما 24، تھیرتھا ستیش 22، ہینا 18 اور کپتان ایشا اوزا 15 رنز بنا کر آئوٹ ہوئیں، آئرش بائولرز ارلینی کیلی اور ایمیر رچرڈسن نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

آئرلینڈ ویمنز ٹیم نے یو اے ای کا 106 رنز کا ہدف 16.1 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کرلیا، اوپنگ بیٹرز ایمی ہنٹر 25 اور گوبی لوئس 27 رنز بنا کر آئوٹ ہوئیں جبکہ اورلا اور ایمیر رچرڈسن نے 22,22 رنز کی ناٹ آئوٹ اننگز کھیلی۔یو اے ای کی طرف سے ایشا نے 13 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔ اس میچ کی بہترین کھلاڑی کا اعزاز ایمیر رچرڈسن کو قرار دیا گیا۔