مزدو کا بچہ بھی وہیں پڑے گا جہاں ایک صاحب حیثیت فرد کا بچہ پڑھتا ہے ،وزیر اعلیٰ بلو چستا ن

مزدوروں کے بچوں کے تمام تر تعلیمی اور اقامتی اخراجات لیبر ویلفیئر فنڈ سے ادا کریں گی، میر سر فر ا ز بگٹی

جمعرات 25 اپریل 2024 20:10

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2024ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مزدور پیشہ افراد کے چار سو بچوں کو ملک کے اعلیٰ اقامتی تعلیمی اداروں میں بھیجنے کا اعلان کیا ہے لیبر ویلفیئر فنڈ کے تحت اب مزدوروں کے بچے بھی پاکستان کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کرسکیں گے ۔جمعرات کو یہاں محکمہ محنت و افرادی قوت اور لیبر ویلفیئر فنڈ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ مزدو کا بچہ بھی وہیں پڑھے گا جہاں ایک صاحب حیثیت فرد کا بچہ پڑھتا ہے مزدوروں کے بچوں کے تمام تر تعلیمی اور اقامتی اخراجات لیبر ویلفیئر فنڈ سے ادا کریں گے مزدور کا باصلاحیت بچہ مزدور نہیں افسر ، ڈاکٹر، اور کامیاب انسان بنے گا وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اس امر پر تاسف کا اظہار کیا کہ بلوچستان کے لئے مختص لیبر ویلفیئر فنڈ استعمال ہونے کے بجائے لیپس ہوجاتے ہیں نااہلی اور عدم دلچسپی کے باعث بلوچستان کا عام مزدور سوشل سیکورٹی سے محروم ہے 19000 رجسٹرڈ مزدوروں کے لئے رائج الوقت قوانین زمینی حقائق سے ہم آہنگ نہیں اس ضمن میں ضروری قانون سازی کرنے کی ضرورت ہے، وزیر اعلیٰ بلوچستان نے سیکرٹری لیبر بلوچستان کو ہدایت کی کہ قوانین میں ترامیم کے لئے تین روز کے اندر اندر قابل عمل تجاویز محکمہ قانون کو ویٹ کیلئے بھجوائی جائے تاکہ قوانین میں ترامیم کے لئے اقدامات اٹھائے جاسکیں ۔

(جاری ہے)

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ غریب ہمیشہ غریب رہے یہ اس کی قسمت کا نہیں معاشرتی ناہمواری کا معاملہ ہے رواں سال مزدوروں کے 400 بچے پاکستان کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں پڑھیں گے جبکہ آئندہ سال سے مزدوروں کے ایک ہزار بچے پاکستان کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں بھیجیں گے بلوچستان پر ایک مزدور کے بچے کا اتنا ہی حق ہے جتنا ایک صاحب حیثیت فرد کے بچے کا ہے ۔