نیب عوامی مسائل کو زیادہ آسانی سے حل کرنے کیلئے اپنی رسائی کو بڑھانے کیلئے پرعزم ہے، ڈائریکٹر جنرل نیب بلوچستان

جمعرات 25 اپریل 2024 20:10

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2024ء) قومی احتساب بیورو (نیب) بلوچستان نے ڈپٹی کمشنر آفس کوئٹہ میں ایک دفتر شکایات قائم کیا ہے جس کا مقصد شہریوں کو اپنی شکایات درج کرانے اور مدد حاصل کرنے کے لیے آسان رسائی فراہم کرنا ہے، یہ اقدام نیب کی جانب سے ان کوششوں کا حصہ ہے جن کا مقصد صوبے میں انسداد بدعنوانی کو فروغ دینا اور کرپشن سے پاک ماحول پیدا کرنا ہے۔

25 اپریل 2024 کو پہلی کھلی کچہری کا انعقاد دپٹی کمشنر آفس میں نیب کے نئے قائم کردہ دفتر شکایات میں کیا گیا۔ ڈی جی نیب (بلوچستان) نے عوام الناس کی شکایات ذاتی طور پر موصول کیں اور انہیں جلد از جلد منطقی انجام تک پہنچانے کی ہدایات جاری کیں۔ شکایت کنندگان کی اکثریت لینڈ مافیا کے ہاتھوں بڑے پیمانے پر عوام کو دھوکہ دینے کے جرم کا شکار تھی۔

(جاری ہے)

ڈی جی نیب نے شہریوں کو یقین دلایا کہ نیب بلوچستان بدعنوانی کے خلاف عدم برداشت اپنائے ہوئے ہے اور شکایات اور مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔نیب (بلوچستان) صوبے سے بدعنوانی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہے، اور اس دفتر شکایات کا قیام اس مقصد کے حصول کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ قومی احتساب بیورو (بلوچستان) عوام کے مفاد کو یقینی بنانے کے لیے پُر اعتماد ہے تا کہ ان کے حقوق کے تحفط اور ان کی محنت کی کمائی کو دھوکہ بازوں اور مافیاز سے محفوظ رکھا جا سکے۔